پی ایف یو جے دستورکے وفد کی وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب سے ملاقات

مخالفین نے رکاوٹیں کھڑی کرکے ملک کو پیچھے دھکیلنے کی کوشش کی، اسلام آباد میں جلد ویج بورڈ جاری کریں گے جو باقی صوبوں کے لیے مثال بنے گا،وزیرمملکت برائے اطلاعات و نشریات

بدھ 17 جنوری 2018 23:25

پی ایف یو جے دستورکے وفد کی وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب سے ملاقات
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جنوری2018ء) وزیرمملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سی پیک پاکستان ہی نہیں پورے خطے کے فائدے کے لیے ہے ، ایک شخص کے وژن کی وجہ سے لا اینڈ آرڈر کی صورتحال میں 52فیصد بہتری آئی ، مخالفین نے رکاوٹیں کھڑی کرکے ملک کو پیچھے دھکیلنے کی کوشش کی، ہم نے باتیں نہیں کیں کام کیا ہے ۔

اسلام آباد میں جلد ویج بورڈ جاری کریں گے جو باقی صوبوں کے لیے مثال بنے گا، فاٹا کے صحافیوں کے مسائل کریں گے۔وہ بدھ کو پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس دستور کے وفدسے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہی تھیں ، وفد کی سربراہی پی ایف یو جے دستور کے صدر حاجی نواز رضا کر رہے تھے، وفد میں پی ایف یو جے دستور کے سیکریٹری جنرل سہیل افضل اور کراچی پریس کلب کے سیکریٹری مقصود احمد یوسفی سمیت ملک بھر سے آئے ہوئے پی ایف یو جے کے رہنما موجود تھے ۔

(جاری ہے)

پی ایف یو جے کے وفد نے مریم اورنگزیب کو فاٹا اور بلوچستان میں صحافیوں کو درپیش سے آگاہ کیا، وفد نے ویج بورڈ ایوارڈ سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔ مریم اورنگزیب نے یقین دلایا کہ وہ جلداسلام آباد میں ویج بورڈ ایوارڈ جاری کرکے صوبوں کے لیے مثال بنائیں گے تاکہ دوسرے صوبے بھی اس کی تقلید کریں ، ان کا کہنا تھا کہ اٹھارہویں ترمیم کے بعد ویج بورڈ ایوارڈ بھی صوبائی مسئلہ ہے ، انہوں نے پی ایف یو جے کی اپیل پر فاٹا میں شہید ہونے والے صحافی کی اعلان کردہ امداد جاری کرنے کی بھی ہدایت کی ، انہوں نے کہا کہ فاٹا کے صحافیوں کے مسائل جلد حل کر لیے جائیں گے ، انہوں نے کہا کہ کیمرہ مین اور فوٹرو گرافرکے لیے مارچ میں ایوارڈ تقریب منعقد کی جائے گی ۔

انہوں نے کراچی پریس کلب کے سیکریٹری مقصود احمد یوسفی کی کراچی پریس کلب آنے کی دعوت قبول کی اور یقین دلایا کہ وہ اپنے وعدے کے مطابق کراچی پریس کلب آئیں گی ، کراچی پریس کلب کی جانب سے سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کو میٹ دی پریس کی دعوت دی گئی جس پر انہوں نے کہا کہ وہ یہ دعوت میاں نواز شریف تک پہنچا دیں گی۔ مریم اورنگزیب نے پی ایف یو جے کے وفد کی درخواست پر آئی ٹی سی این کا اجلاس جلد طلب کرنے کی ہدایت بھی دی ہے۔

مریم اورنگزیب نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک صرف پاکستان ہی نہیں پورے خطے کے مفاد میں ہے اور اس سے پورے خطے کی آئندہ آنے والی نسلیں فائدہ اٹھائیں گی،سی پیک پاکستان کی بہتری کا پراجیکٹ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ساڑھے چار سال کی کارکردگی پوری دنیا اور خاص طور پر میڈیا کے سامنے ہے ، ہم سے پہلے بھی یہی قانون نافذ کرنے والے ادارے اور پولیس موجود تھی لیکن ایک شخص کے وژن کی وجہ سے لا اینڈ آرڈر کی صورتحال میں میں52فیصد بہتری آئی ہے ، سارے دھرنوں کے باوجود صنعت اور معیشت کی صورتحال بہتر ہوئی ہے ، ملک میں انرجی کرائسز حل ہوگیا ہے اور یہ سب صرف اور صرف نواز شریف کی قیادت کی وجہ سے ممکن ہوا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اگر رکاوٹیں کھڑی نہ کی جاتیں تو ہماری کارکردگی مزید بہتر ہوتی اور ملک مزید ترقی کرتا لیکن رکاوٹیں کھڑی کرکے ملک میں ترقی کا راستہ روکنے کی کوشش کی گئی، ہم نے صرف باتیں اور نعرے نہیں لگائے بلکہ کام کیاہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ فاٹا کا مسئلہ کسی نے حل نہیں کیا، ہم نے اصلاحات کے ذریعے اس کا آغاز کیا ہے، جب بل اسمبلی میں ٹیبل نہیں ہوا تو ساری جماعتوں نے اس پر شور مچایا جب اسمبلی نے بل پاس کر لیا تو اس کو وہ کوریج نہیں ملی جو ملنی چاہیے تھی۔