پاک سعودی عرب کے درمیان اعتماد ، محبت کا شاندار رشتہ دنیا کیلئے مثال ہے ، ممنون حسین

سعودی عرب ہمارا سچا دوست اور برادر اسلامی ملک ہے،ر ہر پاکستانی سعودی عرب کا اپنا دوسرا گھر سمجھتا ہے ،دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ دینی، ثقافتی اور اقتصادی رشتوں میں جڑے ہوئے ہیں، صدر مملکت وژن 2030 کی پالیسی بڑی اہمیت کی حامل ہے اور یہ سعودی عرب کی معیشت کو مستقبل میں مزید مستحکم کرنے میں بڑا اہم کردار ادا کرے گی،سعودی عرب کے وزیر تجارت و سرمایہ کاری کے وفد سے بات چیت

بدھ 17 جنوری 2018 23:26

پاک سعودی عرب کے درمیان اعتماد ، محبت کا شاندار رشتہ دنیا کیلئے مثال ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 جنوری2018ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان اعتماد اور محبت کا شاندار رشتہ دیگر دنیا کے لیے مثال کی حیثیت رکھتا ہے،سعودی عرب ہمارا سچا دوست اور برادر اسلامی ملک ہے اور ہر پاکستانی سعودی عرب کا اپنا دوسرا گھر سمجھتا ہے ،دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ دینی، ثقافتی اور اقتصادی رشتوں میں جڑے ہوئے ہیں جس سے دونوں ممالک کے تعلقات کو نئی جہت ملتی ہے، پاکستان سعودی عرب کے وژن 2030 کی پالیسی بڑی اہمیت کی حامل ہے اور یہ سعودی عرب کی معیشت کو مستقبل میں مزید مستحکم کرنے میں بڑا اہم کردار ادا کرے گی۔

صدر مملکت نے یہ بات ایوان صدر میں بدھ کے روز سعودی عرب کے وزیر تجارت و سرمایہ کاری کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنھوں نے وزیر تجارت و سرمایہ کاری ڈاکٹر ماجد الکسابی کی قیادت میں صدر مملکت سے ایوان صدر میں ملاقات کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وفاقی وزیر تجارت پرویز ملک، وفاقی وزیر دفاع انجینئر خرم دستگیرخان، وزیر مملکت برائے خزانہ و اقتصادی امور رانا محمد افضل خان، سعودی سفیر کموڈور نواف سعید احمد المالکی، وفد کے اراکین اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

یہ اعلیٰ سطحی وفد پاک سعودی جوائنٹ وزرا کمیشن کے گیارہویں اجلاس میں شرکت کے لیے پاکستان کے دورے پر ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات خصوصی اہمیت کے حامل ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان اعتماد اور محبت کا شاندار رشتہ قائم ہے جو دیگر دنیا کے لیے مثال کی حیثیت رکھتا ہے۔ صدر مملکت نے دونوں برادر ممالک کے درمیان زندگی کے مختلف شعبوں میں تعاون جاری ہے جس میں اضافے کیلیے مسلسل کام کی ضرورت ہے۔

انھوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم کم ہے جسے مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انھوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے سرمایہ کاروں کے درمیان ملاقاتوں کا سلسلہ باقاعدگی سے جاری رہنا چاہے۔ اس سے سرمایہ کاری کی نئی راہیں کھلیں گی اور دونوں ممالک کے عوام اور حکومتی سطح پر تعلقات کو فروغ ملے گا۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے وڑن 2030 کی پالیسی بڑی اہمیت کی حامل ہے اور یہ سعودی عرب کی معیشت کو مستقبل میں مزید مستحکم کرنے میں بڑا اہم کردار ادا کرے گی۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان سرمایہ کاری کے لحاظ سے بہترین ملک ہے۔سعودی سرمایہ کار انرجی، تعمیرات اور زراعت کے شعبوں میں سرمایہ کاری سے استفادہ کر سکتے ہیں۔انہوں نے اپنے گزشتہ سعودی عرب کے دورے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دورے میں سعودی عرب کے بادشاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود سے ملاقات ہوئی تھی جس میں دوطرفہ تعلقات پر بات چیت ہوئی جو بہت مفید رہی۔

انھوں نے کہا کہ سعودی عرب میں اس وقت تقریباً 26 لاکھ پاکستانی افراد رہائش پذیر ہیں اور وہ سعودی عرب کو اپنا دوسرا ملک سمجھتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ یہ افراد سعودی عرب کی معاشی ترقی میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ انھوں نیخادم الحرمین شریفین سلمان بن عبدالعزیز السعود کا پاکستانی کمیونٹی کا خیال رکھنے پر شکریہ ادا کیا، سعودی عرب کے وزیر تجارت و سرمایہ کاری ڈاکٹر ماجد الکسابی نے بتا یا کہ کونسل کے اجلاس میں بہت اہم فیصلے ہوئے ہیں جو دور رس اثرات کے حامل ہوں گے۔