کپاس کو سنڈیوں کے حملے سے بچانے کیلئے جننگ فیکٹریز کے کچرے میں موجودکیڑوں کی تلفی کو یقینی بنانے کی ہدایت

جمعرات 18 جنوری 2018 15:12

لاہور۔18جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جنوری2018ء)محکمہ زراعت پنجاب نے جننگ فیکٹریوں کے مالکان کو خبردار کیاہے کہ کپاس کے کچرے میں موجودکیڑوں کی تلفی کو یقینی بنایاجائے تاکہ آئندہ فصل کو کیڑوں اور سنڈیوں کے حملے سے بچایاجاسکے، ترجمان کے مطابق حکومت پنجاب نے گزشتہ چند سالوں سے جننگ فیکٹریوں میں موجود کچرے کی تلفی کے لئے سخت اقدامات کئے جارہے ہیں، انہوںنے کہاکہ ایسی فیکٹریاں جن کے کچرے میں سنڈیاں اور کپاس کے کیڑوں کی موجودگی پائی گئی انہیں متنبہ کیا گیا ہے کہ وہ کچرے کو فوری طور پر تلف کردیں، بصورت دیگر ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی،انہوں نے بتایا کہ محکمہ زراعت کے اس اقدام کا مقصد کپاس کی آئندہ فصل کو کیڑوں اور سنڈیوں کے حملے سے محفوظ بنانا ہے، اس کے علاوہ محکمہ زراعت نے 15اپریل سے قبل کپاس کی کاشت پر پابندی عائد کر رکھی ہے تاکہ کپاس کی قبل از وقت کاشت سے کپاس کے علاقے میں کیڑوں کے حملے کا امکان ختم ہو سکے، مزید براں کپاس کو دشمن کیڑوں بالخصوص گلابی سنڈی سے بچانے کیلئے اور دوست کیڑوں کی افزائش نسل کا کام تیزی سے جاری ہے۔