چوہدری نثار اور پرویز رشید کے بیانات ذاتی ہیں ، (ن)لیگ

دونوں نے شاید پارٹی سے مشورہ نہیں کیا، دونوں کے درمیان کوئی غلط فہمی ہے ، کوئی ان کے درمیان پڑ جائے تو معاملات ٹھیک ہوجائیں گے، ہم چاہیں گے ایک دوسر ے پر جو بھی اعتراضات ہیں پارٹی کے اندر رہ حل کریں ، پھر پا رٹی اپنا انہیں مشورہ دے گی،مسلم لیگ ن بڑی جماعت ہے، ہر پارٹی میں اختلافات ہو تے ہیں، چوہدری پرویز الہی اور چوہدری شجاعت میں بھی اختلافات ہوں گے، سیاست ذوالفقار علی بھٹو اور نواز شریف کے گھرانے کے گرد گھومتی ہے مسلم لیگ( ن ) کے سینئر رہنما وفاقی وزیر قانون چوہدری محمود بشیر ورک اور سینیٹر یعقوب خان ناصرکی آئی این پی سے گفتگو

جمعہ 19 جنوری 2018 17:29

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 جنوری2018ء) مسلم لیگ( ن ) کے سینیئر رہنمائوں نے سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور سابق وزیر اطلاعات پرویز رشید کے بیانات کو ذاتی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں نے شاید پارٹی سے مشورہ بھی نہیں کیا، دونوں کے درمیان کوئی غلط فہمی ہے ،کوئی ان کے درمیان پڑ جائے تو معاملات اسی وقت ٹھیک ہوجائیں گے، ہم چاہیں گے کہ دونوں کے ایک دوسر ے پر جو بھی اعتراضات ہیں وہ پارٹی کے اندر رہ کر کریں پھر پا رٹی اپنا انہیں مشورہ دے گی،مسلم لیگ ن بہت بڑی جماعت ہے ہر پارٹی میں اختلافات ہو تے ہیں چوہدری پرویز الہی اور چوہدری شجاعت میں بھی اختلافات ہوں گے، سیاست ذوالفقار علی بھٹو اور نواز شریف کے گھرانے کے گرد گھومتی ہے۔

(جاری ہے)

جمعہ کو آئی این پی سے گفتگو کر تے ہوئے وفاقی وزیر قانون چوہدری محمود بشیر ورک نے کہا کہ چوہدری نثار اور پرویز رشید دونوں نے ذاتی حیثیت میں بیانات دیئے ہیں دونوں نے شاید پارٹی سے مشورہ بھی نہیں کیا ، انہوں نے کہا کہ ہم چاہیں گے کہ دونوں کے ایک دوسر ے پر جو بھی اعتراضات ہیں وہ پارٹی کے اندر رہ کر کریں پھر پا رٹی اپنا انہیں مشورہ دے گی ، مسلم لیگ ن کے سابق قائمقام صدر سینیٹر یعقوب خان ناصر نے آئی این پی سے گفتگو کر تے ہوئے کہا کہ جمہوریت کی خوبصورتی یہی ہے کہ سب کی اپنی اپنی رائے ہے ، مجھے نہیں معلوم کہ دونوں کے درمیان کہاں گڑبڑ ہے دونوں کے درمیان کوئی غلط فہمی ہے یہ معاملہ ختم ہوجائے گا کوئی ان کے درمیان پڑ جائے تو معاملات اسی وقت ٹھیک ہوں جائیں گے ، نہ صرف یہ معاملہ بلکہ جہاں بھی پارٹی کے درمیان ایسا مسئلہ آئے تو پارٹی کو اس کو حل کر نا چاہیئے انہوں نے کہا مسلم لیگ ن بہت بڑی جماعت ہے ہر پارٹی میں اختلافات ہو تے ہیں چوہدری پرویز الہی اور چوہدری شجاعت میں بھی اختلافات ہوں گے انہوں نے کہا کہ معلوم نہیں کہ دونوں ایسا کیوں کر رہے ہیں لیکن یہ معاملہ اتنا سنجیدہ نہیں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میاں صاحب نے کہہ دیا ہے کہ شہباز شریف ہمارے اگلے وزیر اعظم ہوں گے جبکہ نواز شریف مسلم لیگ ن کے آئینی طور پر صدر رہ سکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے عوام کا زیادہ لگائو ہے انہون نے کہا کہ سیاست ذوالفقار علی بھٹو اور نواز شریف کے گھرانے کے گرد گھومتی ہے