وزیراعظم آج وارلڈ اکنامک فورم میں شرکت کیلئے سوئٹزرلینڈ روانہ ہونگے‘ امداد روکی گئی تو دہشت گردوں سے لڑنے کی صلاحیت متاثر ہوگی -شاہد خاقان عباسی کا انٹرویو

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 23 جنوری 2018 09:43

وزیراعظم آج وارلڈ اکنامک فورم میں شرکت کیلئے سوئٹزرلینڈ روانہ ہونگے‘ ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔23 جنوری۔2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی آج وارلڈ اکنامک فورم میں شرکت کیلئے روانہ ہوں گے ان کے ہمراہ انتہائی مختصر وفد سوئٹزرلینڈ کے برفانی شہر ڈیووس جائے گا۔ڈیووس ورلڈ اکنامک فورم میں شرکت کے دوران پاکستان کے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی عالمی بینک، بین الاقوامی مالیاتی فنڈ، ایشیائی ڈیولپمنٹ بینک، اسلامی ترقیاتی بینک کے سربراہوں کے علاوہ 200 ممالک کے صدور وزرائے اعظم سے اہم ملاقاتیں کریں گے جن کے دوران دوطرفہ اقتصادی تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے بارے میں ثمرآور تبادلہ خیال ہوگا۔

وزیراعظم سے انٹرنیشنل میڈیا خصوصی انٹرویو کرے گا۔ آئی ایم ایف کے منیجنگ ڈائریکٹر نے گزشتہ روز ورلڈ اکنامک فورم سے خطاب کے دوران یہ پیش گوئی کی ہے کہ پاکستان کی جی ڈی پی گروتھ2017-18ءمیں بہت بڑھے گی پاکستان کی معیشت 2013 ءکی نسبت 2018 ءمیں نئی بلندیوں پر پہنچے گی۔

(جاری ہے)

دریں اثناء ایک انٹرویو میں وزیراعظم شاہدخاقان عباسی نے امریکا کو خبردار کیا کہ اگر امداد روکی گئی تو دہشت گردوں سے لڑنے سے متعلق پاکستان کی صلاحیت متاثر ہوگی اور پھر ان دہشت گردوں سے امریکا کو لڑنا پڑے گا۔

انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ جن خیراتی اداروں پر امریکا نے پابندی لگائی ہے ان کا کنٹرول حکومت سنبھال لے گی۔انہوں نے کہا کہ دورہ امریکا میں انہوں نے صدر ٹرمپ کو گرم جوش پایا وہ ایک ایسے شخص ہیں جن سے بات چیت کی جاسکتی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ صدرٹرمپ کے ٹوئٹ کا کوئی رسمی مطلب نہیں تاہم جس لہجہ میں بات کی گئی وہ ناقابل قبول ہے۔ہم نے انسداد دہشت گردی کے لیے امریکی لاجسٹکس کو آزادانہ نقل وحمل کی اجازت دی۔ اگر پابندیاں لگائی جاتی ہیں، اتحادی معاونت فنڈکی ادائیگی نہیں کی جاتی تو اس سے دہشت گردی کے خلاف لڑنے کی ہماری صلاحیت کمزور ہوگی۔انہوں نے مزید کہا کہ امریکا کو یہ تسلیم کرنا چاہیے اور جن دہشتگردوں سے ہم نہیں لڑیں گے، ان سے امریکا کو لڑنا پڑے گا۔

متعلقہ عنوان :