محکمہ معدنیات کے افسران و اہلکاروں کی مبینہ ملی بھگت سے ترہانہ میں مائننگ کیلئے بلاسٹنگ کا سلسلہ جاری

محکمہ ماحولیات کے اہلکاروں نے موقع پر معائنہ کے بعد رپورٹ اعلیٰ حکام کو ارسال کر دی

منگل 23 جنوری 2018 10:50

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2018ء) محکمہ معدنیات کے افسران و اہلکاروں کی مبینہ ملی بھگت سے ترہانہ میں مائننگ کیلئے بلاسٹنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ ماحولیات کے اہلکاروں نے موقع پر معائنہ کے بعد رپورٹ اعلیٰ حکام کو ارسال کر دی ہے۔ اہلیان علاقہ نے اس حوالہ سے صحافیوں کو بتایا کہ سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں محکمہ معدنیات نے ترہانہ میں اورنگزیب مائننگ کارپوریشن کو سیل کیا تھا۔

(جاری ہے)

مگر بعدازاں مالکان نے مبینہ طور پر محکمہ معدنیات کے افسران کو بھاری نذرانے دے کر کام دوبارہ شروع کر دیا ہے۔ اس حوالہ سے اہلیان علاقہ نے متعدد بار احتجاجی مظاہرے کرنے کے علاوہ ڈپٹی کمشنر اور محکمہ معدنیات کے افسران کو تحریری درخواستیں بھی دیں مگر اس ضمن میں کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔ واضح رہے کہ بلاسٹنگ کے باعث دو سکولوںکے طلباء کی پڑھائی بری طرح متاثر جبکہ متعدد گھروں کی دیواروں میں دراڑیں بھی پڑ چکی ہیں۔ اہلیان علاقہ بلاسٹنگ کے دوران بھاری پتھر لگنے کے خوف سے گھروں میں دبک جاتے ہیں۔ انہوں نے اعلیٰ حکام اور سپریم کورٹ کے چیف جسٹس سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔