بہاریہ مکئی کی منظور شدہ اقسام کی فوری کاشت شروع اور 20 مارچ سے قبل مکمل کرنے کی ہدایت

بدھ 24 جنوری 2018 15:02

فیصل آباد۔24جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جنوری2018ء)محکمہ زراعت فیصل آباد نے کاشتکاروں کو بہاریہ مکئی کی کاشت فوری طور پر شروع کر کے 20 مارچ سے قبل مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ میدانی علاقوں میں یہ کاشت فروری کے آخر تک مکمل کر کے بہتر پیداوار بھی حاصل کی جاسکتی ہے تاہم راولپنڈی ڈویژن کے علاقوں میں بہاریہ مکئی کی 20 مارچ تک کاشت کے بھی مثبت نتائج حاصل کئے جاسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

محکمہ زراعت کے ترجمان نے بتایا کہ حکومتی ہدایات کی روشنی میں صوبہ بھر کے کاشتکاروں کیلئے دو فری ہیلپ لائن قائم کر دی گئی ہیں جہاں صبح 8 سے رات 8 بجے تک رابطہ کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کو چاہئے کہ وہ غیر منظور شدہ اقسام کی کاشت سے گریز کریں کیونکہ اس سے انہیں معاشی نقصان کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہاریہ مکئی کیلئے ساہیوال 2002 ، اگیتی 2002، ایف ایچ 810 ہائبرڈ کی منظوری دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں مزید معلومات کیلئے ہیلپ لائن 0800-15000 سے رابطہ کیا جاسکتا ہے۔