لاہور چیمبر کا تجارتی وفد مارچ کے آخر میں امریکہ کا دورہ کرے گا ‘ملک طاہر جاوید

امریکہ پاکستان کا دوسرا بڑا تجارتی حصہ دار ہے، باہمی تجارت کا حجم 5.5ار ب ڈالر ہے جسے دوگنا کیا جاسکتا ہے

بدھ 24 جنوری 2018 17:36

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جنوری2018ء) لاہور چیمبر کا تجارتی وفد مارچ کے آخر میں امریکہ کا دورہ کرے گا جس کا مقصد تجارت و سرمایہ کاری کے لیے نئے شعبے تلاش کرنا ہے۔ یہ بات لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید نے امریکی تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر خواجہ خاور رشید، نائب صدر ذیشان خلیل، امجد علی جاوا، فیصل اقبال شیخ، تہمینہ سعید چودھری، میاں زاہد جاوید، نعیم حنیف اور دیگر ممبران بھی اس موقع پر موجود تھے ، وفد کی سربراہی مس میگن زیچرکررہی تھیں۔

ملک طاہر جاوید نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان تجارتی و معاشی تعاون کو فروغ دینے کی وسیع گنجائش ہے، لاہور چیمبر کا تجارتی وفد اسی سلسلے میں امریکہ کا دورہ کررہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ تعلقات ہیں، اگرچہ حال ہی میں باہمی تعلقات میں کچھ سرد مہری آئی ہے مگر توقع ہے کہ یہ عارضی ثابت ہوگی اور جلد ہی صورتحال ٹھیک ہوجائے گی جو دونوں ممالک کے تاجروں کے مفاد میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ پاکستان کا دوسرا بڑا تجارتی حصہ دار ہے، باہمی تجارت کا حجم 5.5ار ب ڈالر ہے جسے دوگنا کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی کاروباری برادری امریکی مارکیٹوں تک زیادہ سے زیادہ رسائی کی خواہش رکھتی ہے، دونوں ممالک کے درمیان تجارت کو مزید فروغ دینے کے لیے دونوں ممالک کے تاجروں کے درمیان روابط مزید مضبوط کرنا ہونگے، اس سلسلے میں تجارتی وفود کا تبادلہ بہت اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ ذیشان خلیل نے لاہور چیمبر کے متعلق تفصیلات پر روشنی ڈالی۔ وفد کی سربراہ نے دونوں ممالک کے عوام اور تاجروں کے درمیان روابط بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکی تاجر پاکستانی تاجروں کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتے ہیں۔