ڈاکٹر ز اپنی جائے تعیناتی پر حاضری یقینی بنائیں ورنہ سخت کارروائی کرینگے،

ڈاکٹر نجیب نقی خان لائن آف کنٹرول پر بسنے والے عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات ،ادویات کی فراہمی سمیت تمام ضروری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائیگا، حکومت عوام کو بنیادی صحت کی سہولیات کی فراہمی کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھارہی ہے، وزیر صحت آزاد کشمیر

بدھ 24 جنوری 2018 17:50

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جنوری2018ء) آزادکشمیر کے وزیر صحت عامہ ڈاکٹر نجیب نقی خان نے کہا ہے کہ ڈاکٹر ز اپنی جائے تعیناتی پر حاضری یقینی بنائیں ورنہ سخت کارروائی کرینگے، لائن آف کنٹرول پر بسنے والے عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات اور ادویات کی فراہمی سمیت تمام ضروری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔

حکومت آزادکشمیر عوام کو بنیادی صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھارہی ہے۔ آزادکشمیر کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ، تحصیل ہیڈ کوارٹر ز ، بیسک ہیلتھ یونٹس اور رورل ہیلتھ یونٹس میں مریضوں کو بروقت ادویات کی فراہمی ،سٹاف کی کمی، فنڈز کی فراہمی اور دیگر ضروریات کو پورا کیا جا رہا ہے۔ ڈاکٹر ز صاحبان اپنی اپنی جائے تعیناتی حاضری کو یقینی بنائیں ۔

(جاری ہے)

جو ڈاکٹر ز اپنی جائے تعیناتی پر حاضر نہیں ہو گا اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ہسپتالوں میں مریضوں کو ادوایات کی فراہمی اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کو ہر ممکن یقینی بنایا جائے۔ عدالتی مقدمات کو جلد از جلد یکسو کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں تاکہ خالی آسامیوں پر بھرتیاں ہواور سٹاف کی کمی کو پور ا کیا جا سکے۔ صحت عامہ کے تمام آفیسران ، ڈاکٹرز اور دیگر تمام ٹیکنیکل سٹاف کے مسائل حل کریں گے تاکہ وہ یکسوئی سے اپنے فرائض منصبی سرانجام دیں تاکہ عوام کے لیے مشکلات پیدا نہ ہوں ۔

ان خیالات کا اظہار وزیر صحت عامہ آزادکشمیرڈاکٹر نجیب نقی خان نے بدھ کے روز آزادکشمیر کے ڈویژنل وضلعی آفیسران کے جائزہ اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں آزادکشمیر کے سیکرٹری صحت عامہ میجر جنرل خالد حسین اسد ، ڈائریکٹر جنرل صحت عامہ ڈاکٹر محمد بشیر چوہدری ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسران اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔ اس موقع پر آزادکشمیر کے تمام ڈویژ نل وضلعی آفیسران صحت عامہ نے اپنے اپنے اضلاع میں صحت کی سہولیات کی فراہمی ، وسائل ، سٹاف کی کمی اور دیگر معاملات کے حوالہ سے وزیر صحت عامہ کو تفصیلی بریفنگ بھی دی۔

اس موقع پر آزادکشمیر کے سیکرٹری صحت عامہ میجر جنرل خالد حسین اسد نے وزیر صحت عامہ کو یقین دلایا کہ وہ وزیر اعظم آزادکشمیر اور وزیر صحت عامہ کے ویژن کے مطابق آزادکشمیر کے ہسپتالوں میں عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت عامہ آزادکشمیر کے لائن آف کنٹرول پر بسنے والے عوام کیلئے خصوصی طورپر صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لئے اقدامات کررہی ہے ۔

انہوں نے وزیر صحت عامہ کا صحت کیلئے اقدامات پر شکریہ ادا کیا ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے آزادکشمیر کے وزیر صحت عامہ ڈاکٹر نجیب نقی خان نے کہا کہ آزادکشمیر میں ایمرجنسی سروسز کے ذریعے ہسپتالوں میں ادویات کی کمی نہیں ہو نے دینگے۔ انہوں نے کہا کہ ہیلتھ سیکٹرمیں مزید اصلاحات لائیں گے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ صحت کی سہولیات میسر آسکیں۔

انہوں نے ہدایت کی کہ تمام ڈاکٹر صاحبان اپنی اپنی جائے تعیناتی پر حاضر ہوں ،غیر حاضر ڈاکٹروں اور دیگر سٹاف کے خلاف تحت ضابطہ کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ انہوں نے تمام ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسران کو ہدایت کی کہ وہ ہسپتالوں میں ڈاکٹرز اور دیگر عملہ کی بروقت حاضری کو یقینی بنائیں تاکہ مریضوں کو مشکلات کاسامنانہ کرنا پڑے۔ وزیر صحت عامہ نے کہا کہ ہسپتالوں میں ادویات کی کمی نہیں ہونے دینگے۔ اس حوالہ سے مزید فنڈز فراہم کیے جائیں گے اور آئندہ ادویات کے بجٹ میں مزید اضافہ بھی کیا جائیگا۔

متعلقہ عنوان :