وزرا ،حکومتی شخصیات چوہدری عبدالمجید کیخلاف بیان بازی سے اجتناب کرکے خدمت خلق پر توجہ دیں، شوکت جاوید

اگر پراپرٹی ٹیکس کا نفاذ پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں ہوا تو سیاسی ایڈمنسٹریٹرز کیخلاف رٹ کس نے دائر کی تھی، پنڈورہ بکس کھلا تو بہت سارے پارسا لوگ بے نقاب اور بے توقیر ہوجائینگے، رہنماء پیپلز پارٹی آزاد کشمیر

بدھ 24 جنوری 2018 17:50

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جنوری2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے مرکزی سیکرٹری ریکارڈ شوکت جاوید نے کہا ہے کہ وزراء کرام اور حکومتی شخصیات سابق وزیراعظم سینئر پارلیمنٹرین پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما چوہدری عبدالمجید کیخلاف بیان بازی اور زبان درازی سے اجتناب کرکے خدمت خلق پر توجہ دے نہ کہ پہ درپہ اپنی ناکامیوں کو چھپانے کیلئے ملبہ سیاسی مخالفین پر گرائے اگر پراپرٹی ٹیکس کا نفاذ پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں ہوا تو سیاسی ایڈمنسٹریٹرز کیخلاف رٹ کس نے دائر کی تھی۔

تعلیمی پیکیج رکوانے کیلئے ہائیکورٹ ، سپریم کورٹ میں نفاذ سے قبل کسی سیاسی جماعت کا رٹ مافیا شب و خون مار رہا تھا۔ پنڈورہ بکس کھلا تو بہت سارے پارسا لوگ بے نقاب اور بے توقیر ہوجائینگے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز وزراء حکومت کی جانب سے سابق وزیراعظم چوہدری عبدالمجید کیخلاف دیئے جانے والے بیانات پر تبصرہ کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی حیثیت سے چوہدری عبدالمجید نے 3میڈیکل کالجز ، وویمن یونیورسٹی ، کیڈٹ کالج ہزاروں کلو میٹر سڑکیں ، 3سو کے لگ بھگ نئے تعلیمی ادارے پچیس ہزار سے زائد افراد کو روزگار فراہم کیا ۔ پندرہ ہزار عارضی ملازمین کو مستقل کیا گیا ۔ شوکت جاوید نے کہا کہ یہ آزاد کشمیر کی پارلیمانی تاریخ میں پہلی روایت ہے کہ چوہدری عبدالمجید کی قیادت میں قائم عوامی حکومت نے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے ممبران کو حکومتی ممبران کے مساوی بلا تاخیر فنڈز فراہم کئے اور اس کا دائرہ کار مہاجرین کے حلقوں تک بڑھایا ۔

بے گھر مہاجرین کو ہزاروں کنال مفت اراضی کے مالکانہ حقوق دیئے اور اسی پر اکتفا نہیں کیا بلکہ تمام سیاسی جماعتوں کو استحکام پاکستان اور تحریک آزادی کے مقدس مشن پر متحد کرنے کیلئے آل پارٹیز رابطہ کونسل کا قیام عمل میں لایا ۔ مجھ سمیت لاتعداد متوسط طبقے کے سیاسی کارکنوں کو حکومتی سیٹ اپ میں شامل کیا۔ شوکت جاوید میر نے کہا کہ اگر کوئی خرابی ہوتی بھی ہے تو اسے درست کرنا موجودہ حکومت کا فرض ہے اس لئے فاروق حیدر وزراء کو شٹ اپ کال دیکر مقامی سیاسی ماحول کو خراب ہونے سے بچائیں وگرنہ ٹکر حکومت کو مہنگی پڑیگی ۔ ہمارا موقف ہے کہ فاروق حیدر اپنی آئینی مدت پوری کریں۔

متعلقہ عنوان :