احسن اقبال اور چوہدری نثارآپس میں آمنے سامنے نہیں ، ویزہ آن ارائیول کے ایشو پر قومی اسمبلی میں سابق وزیر داخلہ نے اپنا نکتہ نظر پیش کیا تھا ، موجو دہ وزیرداخلہ نے بھی اپنا موقف بیان کیا ،

میڈیا نے معاملے کو غلط رنگ دیا،پرویز رشید اور چوہدری نثار علی خان کے درمیان غلط فہمیوں کو پارٹی قیادت کو بیٹھ کر حل کرانا چاہیے،پارٹی صدر نوازشریف نے شہباز شریف کو آئندہ کا وزیراعظم نامزد کیا ہے وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین کی نجی ٹی وی سے گفتگو

جمعرات 25 جنوری 2018 21:21

احسن اقبال اور چوہدری نثارآپس میں آمنے سامنے نہیں ، ویزہ آن ارائیول ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 جنوری2018ء) وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ وزیر داخلہ احسن اقبال اور سابق وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان آپس میں آمنے سامنے نہیں ہیں ، ویزہ آن ارائیول کے ایشو پر گزشتہ روز قومی اسمبلی میں چوہدری نثار علی خان نے اپنا نکتہ نظر پیش کیا تھا اور وزیرداخلہ نے بھی اپنا موقف بیان کیا جسے میڈیا نے غلط رنگ دیا ۔

پرویز رشید اور چوہدری نثار علی خان کے درمیان غلط فہمیوں کو پارٹی قیادت کو بیٹھ کر حل کرانا چاہیے ، اب ماحول ٹھیک ہے ۔ ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے رانا تنویر نے کہا کہ پارٹی صدر نوازشریف نے شہباز شریف کو آئندہ کا وزیراعظم نامزد کیا ہے ، جہاں تک وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا یہ کہنا کہ شہباز شریف کو پارٹی نے ابھی وزیراعظم کا امیدوار نامزد نہیں کیا میرے علم میں نہیں کہ انہوں نے یہ بات کس تناظر میں کی ہے ۔

(جاری ہے)

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار علی خان پارٹی کے سینئر رہنما ہیں اور ان کی پارٹی سے کوئی دوری نہیں ہے اور نہ ہی اس کا امکان ہے ۔ پارٹی سے ان کی گہری وابستگی ہے کسی ایشو پر سوچ اور رائے مختلف ہونا الگ بات ہے ۔ چوہدری نثار نے مسلم لیگ (ن) کو منظم بنانے میں نوازشریف کے ساتھ مل کر اہم کردارادا کیا ۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ احسن اقبال سے چوہدری نثار کا کوئی جھگڑا نہیں ہے اور نہ ہی وہ ایک دوسرے کے آمنے سامنے ہیں ۔ گزشتہ روز اسمبلی میں بات ہوئی تھی جسے میڈیا نے غلط رنگ دیا اورآج چوہدری نثار علی خان نے اس بات کی اسمبلی میں وضاحت کی ہے ۔ میڈیا رپورٹنگ میں احتیاط کیا کریں ۔