وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ممتاز کاروباری گروپ"ویون "کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کی ملاقات

موجودہ حکومت کے ڈیجیٹل ویژن کی حمایت کرتے ہیں، جدت کی حامل حکمت عملی کے ذریعے پاکستان کی معاونت جاری رکھیں گے، جین یس چارلیئر

جمعرات 25 جنوری 2018 22:49

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ممتاز کاروباری گروپ"ویون "کے چیف ایگزیکٹو ..
ڈیووس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 جنوری2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ممتاز کاروباری گروپ"ویون " جو پاکستان میں ٹیلی کام خدمات فراہم کرنے والی ممتاز کمپنی "جاز" کے نام سے فعال ہے، کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جین یس چارلیئر نے عالمی اقتصادی فورم کے موقع پر جمعرات کو یہاں ملاقات کی۔ وزیرمملکت انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمن، وزیر اعظم کے معاون خصوصی علی جہانگیر صدیقی اور سینئر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

وزیر اعظم نے پاکستان میں ویون گروپ کی سرمایہ کاری، کارکردگی اور کارپوریٹ سماجی ذمہ داری کی سرگرمیوں، قدرتی آفات کے دوران امدادی کاروائیوں کو سراہا۔ انہوں نے ویون کی جانب سے افرادی قوت کی تربیت میں گروپ کی سرمایہ کاری کی تعریف کرتے ہوئے متعدد پاکستانیوںکو ترقی پسند ماحول میں کام کا موقع فراہم کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

(جاری ہے)

سی ای او ویون نے پاکستان میں ویون کی سرگرمیوں میں سہولت پیدا کرنے پر حکومت کی معاونت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے ڈیجیٹلائزیشن کے حوالے سے پاکستان کی کامیاب مہم کو قابل ستائش قرار دیا۔

انہوں نے کہاکہ ان کا گروپ موجودہ حکومت کے ڈیجیٹل ویژن کی حمایت کرتا ہے اور جدت کی حامل حکمت عملی کے ذریعے پاکستان کی معاونت جاری رکھے گا۔ یاد رہے کہ ویون (جاز) پاکستان میں ٹیلی کام خدمات فراہم کرنے والی سب سے بڑی کمپنی ہے اور اس نے پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہوئی ہے۔