وزیراعظم اپنے دور حکومت میں اسلام آباد کیلئے قانون کرایہ داری کا ترمیمی بل پارلیمنٹ سے پاس کرائیں ، ظفر علی شاہ

قانون کرایہ داری کی عدم موجودگی میں تاجر برادری عدم تحفظ کا شکار ہے، محمد نوید حکومت اپنے دور اقتدار میں ہی قانون کرایہ داری کا ترمیمی بل پارلیمنٹ سے پاس کرائے تا کہ مسئلے کے حل ہونے سے تاجر برادری سکون و اطمینان کیساتھ کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے پر اپنی پوری توجہ مرکوز کر سکے، سینئر نائب صدر اسلام آباد چیمبر

جمعہ 26 جنوری 2018 16:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جنوری2018ء) مسلم لیگ (ن) کے سینئر مرکزی رہنما اور سابق سنیٹر ظفر علی شاہ نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے دورحکومت میں ہی اسلام آباد کیلئے قانون کرایہ داری کا ترمیمی بل پارلیمنٹ سے پاس کرائیں تا کہ وفاقی دارالحکومت کی تاجر برادری کا یہ دیرینہ مسئلہ حل ہو سکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورہ کے موقع پر چیمبر کے سینئر نائب صدر محمد نوید سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ ظفر علی شاہ نے کہا کہ اسلام آباد کیلئے کرایہ داری کے نئے قانون کا نفاذ مقامی تاجر وں کا دیرینہ مطالبہ ہے جو ابھی تک پورا نہیں ہو سکا جس کی وجہ سے پچھلے دنوں اسلام آباد کی تقریبا تمام مارکیٹوں کے تاجر احتجاج پر اتر آئے تھے۔

(جاری ہے)

لہٰذا انہو ں نے پرزور مطالبہ کیا کہ حکومت اس اہم مسئلے کو حل کرنے کیلئے قانون کرایہ داری کا ترمیمی بل جو عرصہ دراز سے قومی اسمبلی میں پڑا ہوا ہے اس کو جلد پارلیمنٹ سے پاس کرا کے وفاقی دارالحکومت میں نافذ کرے تا کہ تاجر برادری سکھ کا سانس لے سکے۔انہوںنے کہا کہ کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے تاجر برادری کو پرسکون ماحول کی ضرورت ہے لیکن جب ان کی جبری بے دخلیاں ہو گی تو کاروباری سرگرمیوں پر بھی منفی اثرات مرتب ہوں گے۔

لہذا ان تمام مسائل کو حل کرنے کیلئے جلد از جلداسلام آباد میں کرایہ داری کا نیا قانون پاس کرا کے نافذ کیا جائے۔ اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمد نوید نے کہا کہ تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے اسلام آباد کیلئے ایک متوازن قانون کرایہ داری کا ترمیمی بل تیار کیا گیا تھا جس کو کافی عرصہ پہلے قومی اسمبلی میں پیش گیا تھا لیکن ابھی تک اس بل کو قانونی شکل نہیں دی گئی جس سے تاجر برادری میں مایوسی پھیل رہی ہے کیونکہ وہ قانون کرایہ داری کے بغیر عدم تحفظ کا شکار ہیں۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت مزید کوئی تاخیر کئے قانون کرایہ داری کا بل جلد پارلیمنٹ سے پاس کرایے تا کہ وفاقی دارالحکومت کی تاجر برادری تحفظ و سکون کے ساتھ کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دے سکے۔ انہوں نے کہا کہ کرایہ داری کا ترمیمی بل التوا کا شکار ہونے سے اسلام آباد کی تاجر برادری احتجاج کرنے پر مجبور ہو گئی تھی لیکن وزیراعظم پاکستان کی طرف سے اس مسئلے کو حل کرنے کی یقین دہانی پر انہوں نے اپنا احتجاج موخر کر دیا ہے۔

تاہم ابھی تک اس اہم مسئلے پر کوئی مثبت پیش رفت دیکھنے میں نہیں آ رہی۔ انہوں نے موجودہ حکومت سے پرزور مطالبہ کیا کہ وہ اپنے دور اقتدار میں ہی قانون کرایہ داری کا ترمیمی بل پارلیمنٹ سے پاس کرائے تا کہ اس اہم مسئلے کے حل ہونے سے تاجر برادری سکون و اطمینان کے ساتھ کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے پر اپنی پوری توجہ مرکوز کر سکے۔ انہوں نے اس اہم مسئلے کے حل کیلئے بھرپور حمایت کرنے پر سابق سنیٹر ظفر علی شاہ کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی ہے حکومت اس مسئلے کو اپنے دور میں ہی حل کرنے کی کوشش کرے گی۔

متعلقہ عنوان :