حریت رہنمائوں اور تنظیموں کا شوپیاں میںبھارتی فورسز کے ہاتھوں شہید نوجوانوں کو زبردست خراج عقیدت

بھارت نواز کشمیری سیاستدان کشمیریوں کے قتل و غارت کو قانونی جواز فراہم کرر ہے ہیں اقوام عالم اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں کشمیریوں پرجاری بھارتی مظالم کا سخت نوٹس لیں ، حریت رہنمائوں کا مطالبہ

جمعہ 26 جنوری 2018 19:20

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جنوری2018ء) مقبوضہ کشمیرمیں حریت رہنمائوں اور تنظیموں نے ضلع شوپیاں کے علاقے چائی گنڈ میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونیوالے تین کشمیری نوجوانوںکوزبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق جموںو کشمیر لبریشن فرنٹ کے رہنماء نور محمد کلوال نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاہے کہ بھارتی فورسز نہتے کشمیریوں کا قتل عام مسلسل جاری رکھے ہوئے ہیں جبکہ بھارت نواز کشمیری سیاست دان اس قتل و غارت کو قانونی جواز فراہم کرر ہے ہیں۔

انہوں نے گزشتہ روز شوپیان میں بھارتی فورسز کی اندھادھند فائرنگ کے نتیجے میں تین کشمیری نوجوانوں شاکراحمد میر، فردوس احمد اورسمیر احمد وانی کے قتل اوردو لڑکیوں سمیت متعددافراد کے زخمی ہونے کی شدید مذمت کی ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ بھارتی فورسز کا واحد کام کشمیریوں کاقتل عام ہے اور انہیں اسی کام پر مامورکیاگیا ہے ۔جاوید احمد بٹ کی قیادت میں فرنٹ کے ایک وفد نے شوپیاں جاکر شہید نوجوانوں کی نماز جنازہ میں شرکت کی ۔

وفد نے شہداء کے لواحقین کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ان کی بلندی درجات کیلئے دعا کی۔ حریت رہنمائوں غلام محمد خان سوپوری، مختار احمد وازہ، ظفر اکبر بٹ، مصدق عادل،بلال احمد صدیقی ، زمردہ حبیب ،شیخ محمد یعقوب ،شبیر احمد ڈار، محمد اقبال میر ، محمداحسن اونتو، امتیازریشی ،ہلال احمد وار، غلام بنی وار اورووئس آف وکٹمز کے کوارڈی نیٹر عبدالرئوف خان نے اپنے بیانات میں شہید نوجوانوںکو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

انہوںنے بھارتی فورسز کے ہاتھوں تین نوجوانوں کے قتل اور متعدد افراد کے زخمی ہونے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے انسانیت سوزاور کشمیریوں کی نسل کشیُ قراردیا ہے ۔انہوںنے اقوام عالم اور انسانی حقوق کی جملہ تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ وہ کشمیریوں پرجاری بھارتی مظالم کا سخت نوٹس لیں اور مسئلہ کشمیر کے پائیدار حل کیلئے بھارت پر سیاسی و سفارتی دبائو ڈالیں۔

جماعت اسلامی ،دختران ملت، مسلم لیگ، نیشنل فرنٹ، تحریک مزاحمت، پیپلز فریڈم لیگ، مسلم کانفرنس، ماس موومنٹ اور جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ آر نے اپنے الگ الگ بیانات میں شوپیاں میں فورسز کے ہاتھوں تین نوجوانوں کے قتل کو بھارت کی طرف سے اپنے یوم جمہوریہ پر کشمیریوںکیلئے ایک تحفہ قراردیا ۔بیانات میں کہاگیا کہ کشمیری شہداء کی قربانیاں ایک دن ضرور رنگ لائیں گی اور کشمیری عوام بھارت کے غیر قانونی تسلط سے ضرور آزادی حاصل کر لیں گے ۔ مسلم لیگ اور سالویشن موومنٹ کے وفود نے بھی شہید نوجوانوں کی نماز جنازہ میں شرکت کی ۔

متعلقہ عنوان :