امریکہ افغانستان میں بیٹھ کر پاکستان کی سالمیت کو نقصان پہنچا نے کی سازش کررہا ہے ‘لیاقت بلوچ

امریکہ تمام اخلاقی حدوں کو پھلانگ رہا ہے اب ضروری ہوگیا ہے کہ فوری طور پر نیٹو سپلائی روک دی جائے‘تقریب سے خطاب

جمعہ 26 جنوری 2018 21:42

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جنوری2018ء) سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ امریکہ افغانستان میں بیٹھ کر پاکستان کی سالمیت کو نقصان پہنچا نے کی سازش کررہا ہے اور کھلم کھلا بھارت اور اسرائیل کی سرپرستی کرکے عالمی امن کو سبوتاژ کررہا ہے،امریکہ کا ایجنڈا پہلے سے زیادہ خطرناک ہے اس لیے قوم کو امریکی آلہ کاروں کے خلاف اٹھنا ہوگا،امریکہ تمام اخلاقی حدوں کو پھلانگ رہا ہے اب ضروری ہوگیا ہے کہ فوری طور پر نیٹو سپلائی روک دی جائے، کرپشن کی دلدل میں نا ک تک دھنسے ٹولے نے ملک و قوم کو مسائل کی دلدل میں دھکیل دیا ہے،ایم ایم اے کی بحالی ملک و قوم کے لیے اللہ کا بہت بڑا انعام ہے،آئندہ انتخابات غلامان امریکہ اور غلامان مصطفی کے درمیان ہونگے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوںنے منصورہ میں جاری مرکزی تربیت گاہ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ ملکی اقتدار پر قابض ٹولے نے 70سال میں قومی دولت لوٹ کر اپنے عالیشان بنگلے بنائے اور عوام کو دو وقت کے کھانے سے محروم کرنے کے علاوہ کچھ نہیں کیا۔کرپٹ حکمرانوں کو پاکستان کی ترقی سے کوئی دلچسپی ہے نہ عوام کے مسائل سے کوئی غرض۔ ان کے کاروبار اولادیں اور بینک بیلنس سب کچھ بیرون ملک ہے۔یہ صرف حکومت کرنے پاکستان آتے ہیں اور جونہی اقتدار کی کرسی سے اترتے ہیں باہر جا کر بیٹھ جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کرپٹ حکمران جرات مند قوم کی قیادت نہیں کرسکتے۔عوام کو آئندہ انتخابات میں کرپشن سے پاک دینی قیادت کا انتخاب کرنا ہوگا۔