اوپرا ونفرے نے امریکی صدارتی انتخابات پر خاموشی توڑ دی

آئندہ امریکی صدارتی انتخابات میں حصہ نہیں لوں گی ، ہمیشہ خود کو اس بات پر مطمئن پایا ہے کہ کیا کرسکتی ہوں اور کیا نہیں،صدارتی انتخابات میں میری دلچسپی سے متعلق کچھ نہیں اور نہ ہی یہ چیز میرے ڈی این اے میں شامل ہے،انٹرویو

جمعہ 26 جنوری 2018 22:25

اوپرا ونفرے نے امریکی صدارتی انتخابات پر خاموشی توڑ دی
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 جنوری2018ء) امریکی ٹی وی سلیبرٹی، اداکارہ و میزبان 63 سالہ اوپرا ونفرے نے آئندہ امریکی صدارتی انتخابات میں حصہ لینے سے متعلق چہ مگوئیوں پر خاموشی توڑتے ہوئے واضح کردیا کہ ان کے ڈی این اے میں یہ چیز شامل نہیں۔خیال رہے کہ گزشتہ ماہ 7 جنوری کو امریکی شہر لاس اینجلس میں ہونے والے گولڈن گلوب ایوارڈ کی تقریب میں اوپرا ونفرے کے پرجوش خطاب کے بعد یہ چہ مگوئیاں کی جانے لگیں کہ وہ آئندہ امریکی انتخابات میں حصہ لیں گی۔

امریکی میڈیا نے اداکارہ کے قریبی ذرائع سے بتایا کہ اوپرا ونفرے گزشتہ چند ماہ سے آئندہ امریکی انتخابات میں حصہ لینے سے متعلق سنجیدگی سے غور کر رہی ہیں۔اگرچہ اوپرا ونفرے نے اس حوالے سے کوئی بیان نہیں دیا تھا، تاہم ان کی پرجوش تقریر کے بعد شوبز و سیاسی حلقوں میں یہ چہ مگوئیاں ہونے لگیں کہ وہ آئندہ انتخابات میں ڈیموکریٹک پارٹی کی امیدوار ہوں گی۔

(جاری ہے)

اوپرا ونفرے کے صدارتی انتخابات میں حصہ لینے کی چہ مگوئیوں کے بعد سروے ادارے راسموسن نے ایک سروے بھی کیا تھا، جس میں زیادہ تر امریکی شہریوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کے مقابلے اداکارہ کو ووٹ دیے تھے۔راسموسن کے سروے کے مطابق اگر اس وقت امریکا میں انتخابات کرائے جائیں تو 48 فیصد شہری اوپرا ونفرے جب کہ صرف 37 فیصد شہری ڈونلڈ ٹرمپ کو ووٹ دیں گے۔تاہم اب اوپرا ونفرے نے ان چہ مگوئیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ آئندہ امریکی انتخابات میں حصہ نہیں لینے والیں۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی نے اپنی خبر میں بتایا کہ اوپرا ونفرے نے شوبز میگزین ان اسٹائل کو انٹرویو دیتے ہوئے واضح کردیا کہ وہ آئندہ امریکی صدارتی انتخابات میں حصہ نہیں لیں گی۔اوپرا ونفرے کا کہنا تھا کہ انہوں نے ہمیشہ خود کو اس بات پر مطمئن پایا ہے کہ وہ کیا کرسکتی ہیں اور کیا نہیں۔63 سالہ اوپرا ونفرے نے صدارتی انتخابات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس میں ان کی دلچسپی سے متعلق کچھ نہیں، اور نہ ہی یہ چیز ان کے ڈی این اے میں شامل ہے۔

انہوں نے امریکا کی سیاسی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خیال میں امریکا کی حالیہ سیاسی صورتحال سماجی مسائل کے حل کے لیے اٹھنے والی آوازوں کی وجہ سے دلچسپ ہوچکی ہے۔انہوں نے گولڈن گلوب میں کی جانے والی اپنی تقریر کے حوالے سے بھی بات کی، اور کہا کہ ان کی تقریر سماج میں اٹھنے اور چلنے والے مسائل پر مبنی تھی، اس کا ان کی سیاست میں انٹری سے کوئی تعلق نہیں۔

واضح رہے کہ 7 جنوری کو ہونے والے گولڈن گلوب ایوارڈ میں انہوں نے فلم انڈسٹری سمیت دیگر شعبوں میں خواتین سے متعلق ہونے والی ناانصافیوں پر بات کی تھی۔انہوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کو بھی خواتین سے متعلق نازیبا بیانات دینے پر تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔علاوہ ازیں گولڈن گلوب ایوارڈ تقریب میں اوپرا ونفرے کو ان کی خدمات پر سیشل بی ڈی ملی ایوارڈ کے اعزاز سے بھی نوازا گیا تھا، وہ یہ ایوارڈ حاصل کرنے والی پہلی سیاہ فام خاتون ٹھہریں۔