سی پیک منصوبے سے ملک میں خوشحالی آئے گی، چین نے پاکستان کو پائیدار توانائی کے منصوبے دیئے ہیں‘ فری زون گوادر بندرگاہ کا لازمی جزو ہے -وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا گوارد میں پہلی بین الاقوامی گوادر ایکسپو تقریب سے خطاب

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 29 جنوری 2018 14:12

سی پیک منصوبے سے ملک میں خوشحالی آئے گی، چین نے پاکستان کو پائیدار توانائی ..
گوادر(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی29- جنوری۔2018ء) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری حقیقت بن رہا ہے، گوادر منصوبے سے بلوچستان ترقی کرے گا اور ملک میں روزگار کے مواقع بڑھیں گے۔گوادر میں پہلی بین الاقوامی گوادر ایکسپو کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ چین نے پاکستان کو پائیدار توانائی کے منصوبے دیئے ہیں اور فری زون گوادر بندرگاہ کا لازمی جزو ہے۔

انہوں نے کہا کہ گوادر ایکسپو کا انعقاد حکومت کا اہم اقدام ہے، سی پیک منصوبے کی بدولت گوادر فری زون، ایکسپریس وے و دیگر منصوبے آج حقیقت ہیں اور یہ منصوبے خطے میں خوشحالی کا باعث بنیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے دو اصولوں پر انحصار کرتے ہیں، پہلا اصول مالی استحکام اور دوسرا ماحولیاتی تبدیلی کا خیال رکھنا ہے اور اگر ہم ان دونوں اصولوں پر عمل کریں تو نہ صرف ہم پاکستان بلکہ خطے کی ضروریات کو بھی پورا کرسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ سی پیک نہ صرف پاکستان بلکہ خطے کے لیے گیم چینجر ہے اور آج سی پیک کے خواب کی تعبیر ہو رہی ہے اور یہ آنے والی نسلوں کے لیے چینی صدر کی طرف سے تحفہ ہے۔تقریب سے خطاب کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ گوادر بندرگاہ خطے کے ممالک کو آپس میں منسلک کرتی ہے، گوادر فری زون بہترین منصوبہ ہے اور یہ نتائج فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ بلوچستان کی خوشحالی کا باعث بنے گا جبکہ مجھے امید ہے کہ موجودہ حکومت کے گوادر سے متعلق منصوبے جاری رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جولائی میں پاکستان میں عام انتخابات ہورہے ہیں اور توقع ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت دوبارہ آئے گی لیکن عوام جسے بھی منتخب کریں ان منصوبوں سے متعلق یہی پالیسی جاری رہے گی۔بلوچستان کو درپیش مسائل پر گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس صوبے کا مستقبل یہاں کی قیادت کے ہاتھ میں ہے، اگر آپ اپنے مسائل کا حل نہیں نکالیں گے تو یہ مسائل حل نہیں ہوں گے، وفاقی حکومت صرف آپ کی مدد کرسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں دنیا کی خوبصورت ترین ساحلی پٹی موجود ہے اور اس پٹی کو تمام خطرات سے بچانے کے لیے صوبائی حکومت کو کردار ادا کرنا پڑے گا اور اس میں وفاقی حکومت ان کے ساتھ ہے۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ گوادر کو دنیا کا ماڈرن سٹی بنانے کے لیے مل کر کوششیں کرنا ہوں گی اور ایسا شہر بنانا ہوگا جو آنے والی نسلوں کے لیے کارگر ثابت ہو۔