زرعی اجناس کی قوت مدافعت اور زیادہ پیداواری صلاحیت کی حامل نئی اقسام کی فراہمی ایوب ریسرچ کی اولین ترجیح ہے، ماہرین

بدھ 31 جنوری 2018 16:22

فیصل آباد۔31جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جنوری2018ء)ایوب ریسرچ فیصل آباد کے ماہرین نے کہا ہے کہ کسانوں کو زرعی اجناس کی بھرپور قوت مدافعت اور زیادہ پیداواری صلاحیت کی حامل نئی اقسام کی فراہمی ایوب ریسرچ کی اولین ترجیح ہے جبکہ ترقی پسند کاشتکاروں کو منافع بخش اقسام کی کاشت کیلئے تمام ممکن رہنمائی فراہم کی جائیگی تاکہ وہ گندم ، کماد ، دھان ، کپاس، سورج مکھی ،مکئی سمیت دیگر پھلوں و سبزیات کی بمپر کراپس حاصل کرکے نہ صرف ملکی ضروریات پوری کرسکیں بلکہ ضرورت سے زائد زرعی اجناس ، پھلوں اور سبزیوں کی برآمد سے زرمبادلہ بھی حاصل کر سکیں، ایوب ریسرچ کاشتکاروں کومناسب قیمت پرمکئی کے ہائبرڈ بیج تیار کرکے دیگا، انہوں نے کہا کہ آلو، مکئی اور دیگر سبزیاں دوسرے شہروں کو سپلائی کی جاتی ہیں،انہوں نے سبزیوں کیلئے بیج اور ٹنل فارمنگ وجدید کاشتکاری پر زوردیتے ہوئے کہاکہ ملک کی بڑھتی ہوئی آبادی کی خوراک کی ضروت کو پورا کرنے کیلئے زرعی شعبہ میں انقلابی اقدامات کی ضرورت ہے۔