اردن میں 6 ماہ کی بندش کے بعد اسرائیلی سفارت خانہ دوبارہ کھل گیا

بدھ 31 جنوری 2018 22:14

اردن میں 6 ماہ کی بندش کے بعد اسرائیلی سفارت خانہ دوبارہ کھل گیا
مقبوضہ بیت المقدس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 31 جنوری2018ء)اسرائیلی وزارت خارجہ نے اردن کے دارالحکومت عمان میں اپنا سفارت خانہ بتدریج دوبارہ کھولنے کا اعلان کردیا۔ اسرائیلی سفارت خانہ تقریبا 6 ماہ قبل دونوں ملکوں کے درمیان ایک سیاسی اختلاف کے پس منظر میں بند کر دیا گیا تھا۔اسرائیلی وزارت خارجہ کے ترجمان امانوئل نخشون نے ایک مختصر بیان میں اردن میں اسرائیلی سفارت خانے کے دوبارہ کھولے جانے کی تصدیق کی ہے۔

اس سے قبل جولائی 2017 میں اسرائیلی سفارت خانے کے ایک اسرائیلی محافظ کی فائرنگ سے دو اردنی شہریوں کی ہلاکت کے نتیجے میں جنم لینے والی کشیدگی پر سفارت خانہ بند کر دیا گیا تھا۔رواں برس 20 جنوری کو اس سلسلے میں اردن اسرائیل تصفیے کا اعلان کیا گیا جس کے مطابق اسرائیل کو دونوں مقتول اردنی شہریوں کے اہل خانہ کو زر تلافی کی ادائیگی کرنا تھی اور ساتھ ہی اسرائیلی سکیورٹی گارڈ کے خلاف قانونی اقدامات کی یقین دہانی بھی کرائی گئی۔

(جاری ہے)

ادھر اسرائیلی ریڈیو نے منگل کی صبح بتایا کہ سفارت خانے کے ملازمین اپنے کام پر لوٹ آئے ہیں تاہم ابھی تک نیا سفیر موجود نہیں ہے۔اردن نے عمان میں متعین اسرائیلی خاتون سفیر عنات شلائن کو تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا تھا جو جولائی 2016 سے اسرائیل میں ہیں۔ بعد ازاں اسرائیلی وزارت خارجہ نے چند روز قبل اردن میں سفیر کے منصب کی خالی اسامی کا اشتہار جاری کیا تھا۔