آصف علی زرداری کا میر ہزار خان بجارانی اور ان کی اہلیہ کی پراسرار ہلاکت پر رنج و غم اور صدمے کا اظہار

جمعرات 1 فروری 2018 21:18

آصف علی زرداری کا میر ہزار خان بجارانی اور ان کی اہلیہ کی پراسرار ہلاکت ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 فروری2018ء) سابق صدر پاکستان اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما اور صوبائی وزیر میر ہزار خان بجارانی اور ان کی اہلیہ کی پراسرار ہلاکت پر سخت رنج و غم اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔ ایک تعزیتی پیغام میں آصف علی زرداری نے کہا کہ پارٹی کے سینئر ساتھی کی ہلاکت سے سخت صدمہ پہنچا ہے۔

پارٹی ایک مخلص ساتھی سے محروم ہوگئی ہے۔ انہوں نے سندھ حکومت کو ہدایت کی کہ وہ میر ہزار خان بجارانی اور ان کی اہلیہ کی ہلاکت کی مکمل تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کرے۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ میر ہزار خان بجارانی انتہائی نفیس اور اصول پرست رہنما تھے۔ ان کی پارٹی اور حلقے کے عوام کے لئے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گے۔

(جاری ہے)

آصف علی زرداری نے مرحوم ہزار خان بجارانی کے فرزند اور رکن قومی اسمبلی میر شبیر بجارانی سے ان کے والد کے انتقال پر دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دکھ اور صدمے کی اس گھڑی میں بھٹو خاندان اور پاکستان پیپلزپارٹی آپ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

آصف علی زرداری نے کے پی سے تعلق رکھنے والے پاکستان پیپلزپارٹی کے سینیٹر سیف اللہ بنگش کے انتقال پر رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ سینیٹر سیف اللہ بنگش کے خاندان سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے کہا کہ مرحوم سیف اللہ بنگش کی پارٹی کے لئے خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ پارٹی ایک مخلص کارکن محروم ہو گئی ہے۔ انہوں نے مرحوم سیف اللہ بنگش کی مغفرت کی دعا کرتے ہوئے پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔ن طارق ورک

متعلقہ عنوان :