پیٹرولیم کی مصنوعات پر وفاقی حکومت کا فیصلہ‘قوم کے خلاف کھلی دشمنی’ہے حکومت ناصرف اضافے کا فیصلہ واپس لے بلکہ قیمتوں میں 50 فیصد کمی کا بھی اعلان کرے

پیپلز پارٹی ضلع مظفرآباد کے صدراور سابق وزیرسید بازل علی نقوی کی بات چیت

جمعرات 1 فروری 2018 22:17

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 01 فروری2018ء) پیپلز پارٹی ضلع مظفرآباد کے صدراور سابق وزیرسید بازل علی نقوی نے کہا ہے کہ پیٹرولیم کی مصنوعات پر وفاقی حکومت کا فیصلہ‘قوم کے خلاف کھلی دشمنی’ہے اور مطالبہ کیا کہ حکومت ناصرف اضافے کا فیصلہ واپس لے بلکہ قیمتوں میں 50 فیصد کمی کا بھی اعلان کرے۔پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ پاکستان کے غریب عوام کے معاشی قتل عام کے مترادف ہے حکمران اپنی عیاشیوں کیلئے غریب عوام پر مہنگائی کا بوجھ ڈال کر انہیں پریشان کر رہے ہیں،حکمرانوں نے اگر فوری طور پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو واپس نہیں لیا تو پیپلز پارٹِی ضلع مظفرآبادعوام کے ساتھ ملکر سخت احتجاج پر مجبور ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ حکومت کی جانب سے عوام کو سال نو کا سنگدلانہ تحفہ ہے تیل کی آمدنی سے حکومت چلائی جارہی ہے روزانہ بڑھتی ہوئی مہنگائی نے ثابت کردیا ہے کہ موجودہ حکومت نااہل ہوچکی ہے اور عوام کی امیدیں اور توقعات دم توڑ چکی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ڈالرکی قیمت بڑھنے سے ملکی معیشت تباہی کے دھانے پر پہنچ چکی ہے اور پٹرولیم مصنوعات،بجلی کی قیمتوںمیں اضافہ کے ساتھ ساتھ صنعتوں اشیاء خوردونوش سمیت دیگر میں بے تحاشہ اضافہ ہوگیا ہے جسکا براہ راست اثر غریب اورمتوسط طبقے کے افراد پر پڑ رہا ہے اورعوام دو وقت کی روٹی کے محتاج ہوچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے پٹرولیم کی قیمتوں میں اضافہ کرکے غریب عوام کے منہ سے روٹی کا آخری نوالہ بھی چھین لیا ہے حکمران اپنی عیاشیاں بند کریں اور عوام کو ریلیف دیں۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی پیٹرولیم منصوعات میں ظالمانہ اضافے کو یکسر مسترد کرتی ہے اور حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ اس ظالمانہ اضافے کو فی الفور واپس لیا جائے اگر واپس نہ لیا گیا تو عوام کے ساتھ ملکر سخت احتجاج پر مجبور ہونگے۔

نواز شریف کی پانچ فروری کو مظفرآباد آمد پر انہوں نے عمل دیتے ہوئے کہا کہ کشمیری ن لیگ کی مودی دوست پالیسیوں کوسپورٹ نہیں کر سکتے۔ مقبوضہ کشمیر میں قتل عام ہوتا رہا مگر میاں صاحب خاموش رہے۔ بھارت کی آبی دہشت گردی پر بھی میاں صاحب کی خاموشی مجرمانہ تھی، اور اب جب کہ پاکستان کے الیکشن سر پر ہیں تو وہ اپنے مقصد کے لئے کشمیری عوام کی ہمدردیاں سمیٹنے کے لئے جتن کر رہے ہیں، آزادکشمیر کے لوگ ن لیگ کا جھرلو نہیں چلنے دیں گے۔