عوام کو فوری انصاف کی فراہمی،چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے ازخود نوٹس لینے کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا

24گھنٹے میں 6ازخود نوٹس لیکر سپریم کورٹ کی تاریخ ہی بدل ڈالی سال 2018ء کے پہلے مہینے جنوری میں 27معاملات پر ازخود نوٹس لئے

جمعرات 1 فروری 2018 23:32

عوام کو فوری انصاف کی فراہمی،چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے  ازخود نوٹس ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 فروری2018ء) چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے عوام کو فوری انصاف کی فراہمی کے حوالے سے ازخود نوٹس لینے کا ایک نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے اور 24گھنٹے میں 6ازخود نوٹس لیکر سپریم کورٹ کی تاریخ ہی بدل ڈالی۔ سال 2018ء کے پہلے مہینے جنوری میں 27معاملات پر ازخود نوٹس لئے۔ تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس میاں ثاقت نثار نے ازخود نوٹس لیکر عوام کو انصاف کی فراہمی میں ایک نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔

گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں چیف جسٹس نی6ازخود نوٹس پر کارروائی کا آغاز کیا ہے ۔ چیف جسٹس نے اپنے ازخود نوٹسز میں طلال چوہدری کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کا آغاز کیا گیا ہے اسی طرح پاکستانیوں کے بیرون ملک اکاؤنٹس اور اثاثوں پر بھی ازخود نوٹس لیکر کارروائی شروع کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے معاملات پر بھی ازخود نوٹس لیا گیا جبکہ ڈاکٹر ثمر مبارک مند کو بھی ادائیگیوں پر ازخود نوٹس ہو چکا ہے۔

مزید براں قصور میں ہونیوالی معصوم زینب کے ساتھ درندگی کا نوٹس لیا گیا اور پھر اینکر شاہد مسعود کی خبر پر بھی ازخود نوٹس لیکر کمیٹی تشکیل دی گئی۔ چیف جسٹس آف پاکستان نے ایک طرف اپنے اہل خانہ کو کہہ دیا ہے کہ میں ایک سال کے لئے آپ کا نہیں ہوں اور دوسری طرف انہوں نے سپریم کورٹ میں ہفتہ اور اتوار کی چھٹی کو تقریباً ختم کر دیا ہے اور ملازمین کو باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے کہ اگر کسی کا ہفتہ یا اتوار کو موبائل فون بند پایا گیا تو اس کے خلاف کارروائی ہو گی۔

چیف جسٹس انصاف کی فراہمی سے پوری طرح کمر کس چکے ہیں اور گزشتہ ہفتے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک لمحے کی سوچ نے مجھے تبدیل کر دیا ہے اور وہ اللہ ہی ہے جو چوروں کو قطب بنا دیتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ لوگوں کو انصاف کی فراہمی کے لئے وہ سر توڑ کوشش کریں گے۔۔