چنے اور مسور کی فصل میں جڑی بوٹیوں کو تلف کرنے کیلئے کیمیائی اورغیر کیمیائی دونوں طریقے اپنائے جاسکتے ہیں، ماہرین زراعت

جمعہ 2 فروری 2018 17:16

فیصل آباد۔2 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 فروری2018ء) ماہرین زراعت نے کاشتکاروں کوچنے اور مسور کی فصلوں سے جڑی بوٹیوں کے انسداد کے متعلق فوری اقدامات کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ چنے اور مسور کی فصل میں جڑی بوٹیوں کو تلف کرنے کے لیے غیر کیمیائی اور کیمیائی دونوں قسم کے طریقے اپنائے جاسکتے ہیں تاہم غیر کیمیائی طریقوں میں گوڈی کے ذریعے جڑی بوٹیوں کا موثر انسداد بھی کیا جاسکتاہے۔

انہوںنے کہاکہ پہلی گوڈی کاشت کے 30 سی40 دن بعد جبکہ دوسری گوڈی بجائی کی70 سی80 دن بعد کی جاسکتی ہے۔انہوں نے بتایاکہ گوڈی سے نہ صرف جڑی بوٹیاں تلف ہوتی ہیں بلکہ زمین میں وتر دیر تک محفوظ ہوجاتاہے اور زمین نرم اور بھربھری ہونے کی وجہ سے پودوں کی نشوونما اچھی ہوجاتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ خشک گوڈی کے ذریعے چنے اور مسور کی بیشتر جڑی بوٹیوں کو مئو ثر طریقے سے تلف کیا جاسکتاہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ جڑی بوٹیوں کے انسداد کے لیے کیمیائی طریقہ انسداد بھی مئو ثر ثابت ہوتاہے لیکن کیمیائی زہروں کا استعمال محکمہ زراعت کے مقامی توسیع عملہ یاماہرین زراعت کے مشورہ سے کیا جاسکتاہے ۔ انہوںنے کاشتکاروں کو ہدایت کی کہ وہ سفارش کردہ زہروں کا استعمال زرعی ماہرین کی مشاورت کے مطابق ہی کریں تاکہ بعد میں انہیں کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔