کانگیاری سے متاثرہ کماد کے پودے جلا کر تلف کردیئے جائیں، محکمہ زراعت کی کاشتکاروں کو ہدایت

جمعہ 2 فروری 2018 17:16

فیصل آباد۔2 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 فروری2018ء)محکمہ زراعت کے ترجمان نے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ کانگیاری سے متاثرہ کماد کے پودے جلا کر تلف کردیئے جائیں تاکہ ستمبر کاشتہ کماد کی فصل کو مختلف بیماریوں کے حملہ سے محفو ظ رکھا جاسکے ۔ ایک ملاقات کے دوران انہوںنے بتایاکہ چوٹی کی سڑاند کی بیماری کے حملہ کی صورت میں پتوں پر باریک سوراخ نمودار ہونا شروع ہو جاتے ہیں اور اس طرح فصل آہستہ آہستہ سوکھناشرو ع ہو جاتی ہے جس سے گنے کی پور یاتو بہت چھوٹی اور یا بہت پتلی رہ جاتی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ اگر حملہ شدت اختیارکرلے تو گنے کا اوپر کاحصہ بھورا ہو کر گلنا سڑنا شروع ہو جاتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ کانگیاری کی بیماری سے متاثرہ گنے پتلے ہو جاتے ہیں لہٰذا اس کے تدارک کیلئے بیمار پودوں کو کاٹ کر فوری جلا دینا چاہیے ۔ انہوںنے کہاکہ کاشتکار متاثرہ کھیت کا مونڈھا بھی نہ رکھیں کیونکہ اس سے فصل کو نقصان پہنچ سکتاہے ۔ انہوںنے کہاکہ کاشتکار بیماریوں کے تدارک کیلئے زہروں کا استعمال محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف یا افسران کی مشاورت سے کر سکتے ہیں۔ انہوںنے بتایاکہ اس ضمن میں محکمہ زراعت کی فری ہیلپ لائن سے بھی استفادہ کیا جا سکتا ہے۔