سیالکوٹ، 12افغانی گرفتار، مقدمہ درج

جمعہ 2 فروری 2018 22:09

سیالکوٹ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 فروری2018ء) سیالکوٹ پولیس نے غیر قانونی طور پر مقیم 12 افغانیوں کو حراست میں لے کر مقدمہ درج کر لیا ۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ حاجی پورہ پولیس نے خصوصی اطلاع پر مبارک پورہ محلہ کشمیر چوک میں سرچ آپریشن کرتے ہوئے 12افغانیوں کو غیر قانونی طور پر پاکستان میں رہائش اختیار کرنے پر حراست میں لے لیا ۔

ملزمان میں رحیم اللہ ، رحمت اللہ ، نعمت اللہ ، سیف اللہ ، موسیٰ خان ، شمس اللہ ، عصمت اللہ ، حضرت گل ، حضرت میراں ، محمد اللہ ، عبد اللہ خان اور خان آغاشامل ہیں ۔ ایس ایچ او تھانہ حاجی پورہ انسپکٹر اعجاز گجر کے مطابق مذکورہ ملزمان افغانستان کی سرحد عبور کر کے کافی عرصہ قبل پاکستان میں داخل ہوئے ہیں ۔ ان کے پاس کوئی حکومتی اجازت نامہ ، شناختی کارڈ و دیگر دستاویز موجود نہیں ہے ۔

(جاری ہے)

غیر قانونی طور پر رہائش اختیار کرنے کے جرم میں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے ۔ مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں ۔دوسری طرف شہری حلقوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر اقبال سمیت پاکستان بھر میں خصوصی آپریشن کے ذریعے غیر قانونی طور پر مقیم افغانیوں و دیگر ممالک کے رہائشیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے اور انہیں فی الفور ملک بدر کر کے پاکستان کو پر امن اور دہشت گردی سے محفوظ بنایا جائے ۔