سپریم کورٹ دل کے مریضوں کو غیر معیاری اسٹنٹ مہنگی قیمت پر لگانے بارے ازخود نوٹس کیس کی سماعت کل کرے گی

جمعہ 2 فروری 2018 22:18

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 فروری2018ء) سپریم کورٹ میں کل ہفتہ کو سرکاری و غیر سرکاری ہسپتالوں میں دل کے مریضوں کوسستے اور غیر معیاری اسٹنٹ مہنگی قیمت پر لگانے کے حوالے سے ازخود نوٹس کیس کی سماعت کی جائے گی، چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں جسٹس مشیرعالم اورجسٹس سر دار طارق مسعود پر مشتمل تین رکنی خصوصی بنچ کیس کی سماعت کرے گا ،اس حوالے سے وفاقی اور صوبائی چیف لاء افسران ، ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد ، ڈاکٹر ثمر مبارک مند، سیکرٹری وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ،وفاقی و صوبائی سیکرٹری ہائے صحت سمیت دیگر فریقین کو نوٹسز جاری کردیئے گئے ہیں،یاد رہے کہ کیس کی پچھلی سماعت کے موقع پر عدالت نے اسلام آباد کے شفاء انٹرنیشنل ہسپتال ، پمز، قائداعظم انٹرنیشنل ہسپتال، آرآئی سی اور کلثوم انٹرنیشنل ہسپتال ، پی آئی سی لاہور ،آغا خان ہسپتال کراچی اور این آئی سی کراچی کے سربراہان کو عدالت میںطلب کرتے ہوئے ان سے تین ماہ کے دورا ن مریضوں کو ڈالے گئے اسٹنٹس کی تفصیلات سے متعلق رپورٹیں پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔