صفائی نصف ایمان ہے اس پر عملدرآمد کر کے ہم اپنی زندگیوں میں جسمانی طور پر صحتمندانہ ماحول کو اجاگر کرسکتے ہیں،میئر حیدرآباد سید طیب حسین

جمعہ فروری 22:20

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 فروری2018ء)میئر حیدرآباد سید طیب حسین نے کہا ہے کہ صفائی نصف ایمان ہے اس پر عملدرآمد کر کے ہم اپنی زندگیوں میں جسمانی طور پر صحتمندانہ ماحول کو اجاگر کرسکتے ہیں،گندگی انسان کو مختلف بیماریوں سے دوچار کردیتی ہے ہمیں خود کو ہر قسم کی بیماریوں سے محفوظ رکھنے،صحتمند اور توانا رہنے کے لئے اپنے اندر صفائی ستھرائی کے حوالے سے شعور پیدا کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کیپٹل پلازہ چوک،چوڑی مارکیٹ اور دیگر علاقوں میں ہیوی مشینر ی کے ذریعے جاری نالوں کی صفائی کے کاموں کا معائنہ کے دوران کیا ،سید طیب حسین نے موقع پر موجود علاقہ مکینوں پر زور دیا کہ کوڑاکرکٹ نالوں میں پھینکنے کی بجائے کچرہ کنڈیوں میں ڈالیں تاکہ نکاسی آب کی صورتحال خراب ہونے سے محفوظ رہے،انہوں نے موقع پر موجود صفائی ستھرائی کے ذمہ داروں کو بھی ہدایت کی کہ اس سلسلے میں ایک آگاہی مہم شروع کی جائے جس کے ذریعے شہریوں میں صفائی ستھرائی کے حوالے سے شعور اجاگر کیا جاسکے اور وہ روزانہ کی بنیاد پر کچرہ اٹھانے اور ٹھکانے لگانے کو یقینی بنائیں تاکہ ہم "صفائی نصف ایمان"کے مقاصد حاصل کرسکیں،اس موقع پر چیئرمین ہیلتھ کمیٹی ڈاکٹر محفوظ گدی،اراکین ہیلتھ کمیٹی عبدالقدیر شیخ،ہارون قریشی،عابد نورانی،چیئرمیں یوسی نمبر 43 وسیم قریشی،چیئرمیں یوسی نمبر44 آصف ،وائس چیئرمینز،کونسلرز و دیگر بھی موجود ہیں۔