سجاول میں پینے کے پانی کا بحران جاری ہے ،شہریوں کو آلودہ پانی بھی پیسوں پر فراہم کیاجارہاہے ،رپورٹ

جمعہ 2 فروری 2018 22:24

سجاول (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 فروری2018ء) سجاول میں پینے کے پانی کا بحران جاری ہے ،جبکہ شہریوں کو آلودہ پانی بھی پیسوں پر فراہم کیاجارہاہے ،رپورٹ کے مطابق محکمہ آبپاشی کی جانب سے غیراعلانیہ طورپر ایک ماہ تک پانی کی فراہمی معطل کرنے سے ضلع بھر میں تمام نہریں خشک ہوگئیں جبکہ شہروں میں پینے کے پانی کے ذخائرختم ہوگئے اور شہریوں کو آلودہ پانی بھی ملنامشکل ہوگیاشہریوں کے احتجاج کے اعلان کے بعد گذشتہ روز محکمہ آبپاشی کی جانب سے دڑو بیراج کے گیٹ کھول کرجمع کیاگیاانتہائی گندہ اور ایک ماہ کا کھڑاہوا پانی سجاول کی واٹرسپلائی تالاب کی طرف موڑدیاگیاہے جس کے بعد یہ پانی شہرکو سپلائی کیاجائے گا، ٹائون انتظامیہ کاکہناہے کہ آلودہ پانی پینے کے لئے نہیں ہے اسے دوسرے استعمال میں لایاجاسکتاہے تاہم انہوں نے بھی پینے کے پانی کا متبادل انتظام نہیں کیاہے ،جبکہ محکمہ آبپاشی ذرائع کا کہناہے کہ پھلیلی اولڈ کو کھول دیاگیاہے جس کا پانی بھی ایک ہفتے میں پہونچے گااس دوران شہریوں کو تکلیف کا سامنہ رہے گا، ادھر مقامی ڈاکٹران نے تالاب میں شامل ہونے والے گندے پانی کو انتہائی خطرناک قرار دیاہے ،شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ یہ پانی کسی طورپر پینے کے قابل نہیں اسے ابال کراستعمال کیاجائے ،مقامی شہریوں کا کہناہے کہ محکمہ آبپاشی کی جانب سے غیراعلانیہ مسلسل پانی بند کرنے کے بعد گندہ پانی فراہم کیاجارہاہے جس سے علاقے میں پیٹ ،اورچمڑی کے امراض پھیلنے کا خدشہ ہے پینے کے پانی کے بحران اور لاکھوں عوام کو پیاسامارنے والے محکمہ آبپاشی کے نااھل افسران کے خلاف سخت کاروائی کی جائے ،اور فوری طورپر گندہ پانی سے تالاب کو خالی کرایاجائے،شہرمیں پینے کے لئے صاف پانی ٹینکرس سے فراہم کیاجائے ۔

متعلقہ عنوان :