وزیرقانون راناثنا اللہ ختم نبوت کمیٹی کے سامنے پیش ہو گئے،عقیدے اور موقف کی وضاحت

نظام الدین سیالوی کی صدارت اجلاس میں (ن) لیگ کے رہنما زعیم حسین قادری، مولانا رحمت اللہ و دیگر علماء کی شرکت ختم نبوت ؐ اور مقام نبی ؐ کے برخلاف عقیدہ رکھنے والا کوئی شخص مسلمان ہو ہی نہیں سکتا‘کمیٹی کا وزیرقانون کے موقف پر اظہار اطمینان

ہفتہ 3 فروری 2018 21:12

وزیرقانون راناثنا اللہ ختم نبوت کمیٹی کے سامنے پیش ہو گئے،عقیدے اور ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 فروری2018ء) وزیرقانون پنجاب راناثنا اللہ نے پیرحمیدالدین سیالوی کی تشکیل کردہ کمیٹی کے سامنے پیش ہوکر ختم نبوت ؐ سے متعلق اپنے عقیدے اور موقف کو واضح کیا ۔تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر رانا ثنا اللہ گزشتہ روز لاہور میں ختم نبوتؐ سے متعلق بنائی گئی کمیٹی کے اجلاس میں پیش ہوئے،اجلاس کی صدارت نظام الدین سیالوی نے کی جبکہ اجلاس میں (ن) لیگ کے رہنما زعیم حسین قادری، مولانا رحمت اللہ اور دیگر علماء نے شرکت کی۔

وزیرقانون راناثنا اللہ نے ختم نبوت ؐ سے متعلق اپنے عقیدے کو واضح کرتے ہوئے کہا کہ ختم نبوت ؐہرمسلمان کے ایمان کا حصہ اور لازمی جز ہے، ختم نبوت ؐاور مقام نبی ؐ کے برخلاف عقیدہ رکھنے والا کوئی شخص مسلمان ہو ہی نہیں سکتا۔

(جاری ہے)

کمیٹی نے وزیرقانون کا موقف سننے کے بعد ان کے عقیدہ ختم نبوت ؐپر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ راناثنا اللہ کے بیان کردہ موقف کو آستانہ عالیہ سیال شریف کے سجادہ نشین پیرحمیدالدین سیالوی کے سامنے رکھیں گے جبکہ کمیٹی کے جو ممبران اجلاس میں شرکت نہیں کرسکے انہیں بھی تفصیلات سے آگاہ کریں گے۔

واضح رہے کہ پیرحمیدالدین سیالوی نے راناثنا اللہ کے ختم نبوت ؐ سے متعلق بیان پر احتجاج کرتے ہوئے وزیرقانون سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا تھا اور اس حوالے سے احتجاجی تحریک بھی شروع کی تھی تاہم وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے پیرحمیدالدین سے ملاقات کرکے ان کی شکایت کا ازالہ اور تحفظات کو دور کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔

متعلقہ عنوان :