سیدعلی گیلانی ، میر واعظ اور دیگر رہنمائوںکی طرف سے کشمیر کاز کی حمایت جاری رکھنے پر پاکستان کا شکریہ

کشمیر ایک بین الاقوامی طورپر تسلیم شدہ تنازعہ ہے ،ْعالمی سطح پر کشمیری عوام کی حالت زار کو مزید موثر طور پر اجاگر کیا جائے ،ْ بیان

پیر 5 فروری 2018 19:12

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 فروری2018ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی، میرواعظ عمر فاروق اور دیگر حریت رہنمائوں نے جموںو کشمیر کے عوام کی اپنے حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد کی غیر متزلزل حمایت کرنے پر پاکستان کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیاہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام ایک بڑی طاقت سے نبرد آزما ہیں اور پاکستان وہ واحد ملک ہے جو کشمیریوں کی مسلسل حمایت جاری رکھے ہوئے ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر ایک بین الاقوامی طورپر تسلیم شدہ تنازعہ ہے ۔ انہوں نے پاکستان سے کہا کہ وہ عالمی سطح پر کشمیری عوام کی حالت زار کو مزید موثر طور پر اجاگر کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے زیادہ سرگرم کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے پاکستان پر زوردیا کہ دنیا بھر میں قائم اپنے سفارت خانوں اور سفارتی چینلوں کو مزید متحرک کرے اور انہیں کشمیریوں کی جدوجہد اور جموں وکشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالیوں کو اُجاگر کرانے کی ذمہ داری سونپ دے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کا ایک اہم فریق ہے اور اس تنازعے کا حتمی حل پاکستان کی شمولیت کے بغیر ممکن نہیں ہے، لہٰذا پاکستان کو جرأت اور حوصلے کے ساتھ اپنا موقف پیش کرنے کی ضرورت ہے۔حریت فورم کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے جو مسلسل گھر میں نظر بند ہیں اپنے پیغام میں کہا کہ کشمیری عوام اور حریت رہنمائوں نے ہر سطح پر پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کی ہمیشہ تعریف کی ہے۔

انہوں نے کشمیریوں کی سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے پر پاکستان کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔ حریت رہنمائوں بشمول نائب مفتی اعظم مفتی ناصر الاسلام، ہلال احمد وار، حکیم عبدالرشید، میر شاہد سلیم، بلال صدیقی، مختار احمد وازہ، فریدہ بہن جی ، یاسمین راجہ، فضل الحق قریشی، محمد مصدق عادل ، شبیر احمد ڈار ، محمد اقبال میر،محمد احسن انتو،غلا م نبی وار ،امتیاز ریشی اورمسلم لیگ جموںوکشمیراورجموںوکشمیر ایمپلائیز موومنٹ کے چیئرمین محمد شفیع لون نے بھی اپنے پیغامات میں یوم یکجہتی کشمیر منانے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیاہے۔

متعلقہ عنوان :