صوبائی وزیر قانون رانا ثناء الله خاں نے پانچ کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والی سڑک اور ریلوے پھاٹک کا افتتاح کر دیا

پیر 5 فروری 2018 22:29

صوبائی وزیر قانون رانا ثناء الله خاں نے پانچ کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ..
فیصل آباد ۔05فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 فروری2018ء) صوبائی وزیر قانون رانا ثناء الله خاں نے سمن آباد کے قریب راجہ پارک کالج روڈ پر پانچ کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والی سڑک اور ریلوے پھاٹک کا باقاعدہ افتتاح کیا ۔ اس ترقیاتی منصوبے کی تکمیل کی بدولت راجہ پارک،منان ٹائون،مظفرکالونی،شیخاں والا،نثارکالونی،نواباں والا ودیگر ملحقہ آبادیوں کے مکینوں کو آمدورفت میں فائدہ ہو گا۔

اس موقع پر چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن زبیر حسین نت‘ ایکسیئن خالد جاوید اور دیگر افسران کے علاوہ یونین کونسل کے چیئرمین شفیق انصاری ‘ ڈاکٹر الیاس ملک‘ میاں رشید احمد ‘ وائس چیئرمین محمد انور جوگی ‘ رانا شکیل احمد ‘ ملک سلطان علی اعوان‘ ممبر میونسپل کارپوریشن کاشف گجر ‘اعظم گیلانی ‘میاں سہیل‘ رانا کوثر ساقی ‘ کونسلرز اور مسیحی برادری سمیت پارٹی ورکرز بڑی تعداد میں موجود تھے ۔

(جاری ہے)

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر قانون رانا ثناء الله خاں نے علاقہ کے لوگوں کو مبارکباد دی اور کہا کہ سڑک کی تعمیر اور ریلوے پھاٹک کے قیام سے اردگرد کی آبادیوں کے مکینوں کو آمد و رفت کی آسان اور وسیع سہولیات میسر آئیں گی اور وہ ہسپتالوں ‘ کالجوں ‘ سپورٹس سٹیڈیم اور اپنے کاروباری و روزگار کے مقامات تک مختصر وقت میں باآسانی پہنچ سکیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ راجہ پارک ‘ مسعود آباد ‘ منان ٹائون اور دیگر ملحقہ کالونیوں کے آباد کاروں نے بنیادی سہولتوں کے لئے جگہ نہیں چھوڑی تاہم لوگوں کی ضروریات کا خیال کرتے ہوئے ان علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھا دیا گیا ہے اور عنقریب 80 لاکھ روپے کی لاگت سے راجہ پارک میں ڈسپنسری کے قیام کے منصوبے پر کام شروع ہو جائے گاجبکہ واٹر فلٹریشن کے پلانٹ بھی عنقریب فنکشل ہو جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ اگر زمین دستیاب ہوئی تو مقامی آبادیوں کی تفریح اور کھیلوں کے لئے پارک بھی قائم کریں گے ۔ ان آبادیوں کے لوگ کالج روڈ عبور کرکے فردوس کالونی میں شہر کے تیسرے بڑے سپورٹس سٹیڈیم و پارک سے مستفید ہو سکتے ہیں ۔ انہوں نے معیاری تعلیم کی فراہمی کے لئے کالج روڈ پر ڈویژنل پبلک سکول ( ڈی پی ایس ) کی برانچ قائم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حلقہ پی پی 70 کے عوام کے لئے خواتین کے دو کالجز قائم کرنے کے علاوہ سمن آباد کے ہسپتال کو اڑھائی سو بیڈز تک توسیع دی گئی ہے جسکی پر شکوہ بلڈنگ کا چند دنوں میں افتتاح کیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ نائولٹی پل سے پل عبدالله تک نہر کے ساتھ دستیاب جگہ کو پلے گرائونڈ اور فیملی پارک میں تبدیل کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ پی پی 70 میں بنیادی سہولیات کے لاتعداد ترقیاتی منصوبے اورعلاقائی خوشحالی کے لئے وسیع اقدامات ان کی عوامی خدمت کا منہ بولتا ثبوت ہیں اور ترقی و خدمت کا یہ مشن آئندہ بھی جاری رہے گا ۔ صوبائی وزیر قانون نے افتتاحی تقریب کے موقع پر عظیم الشان جلسے میں عوام کی بھر پور شرکت ‘ جوش و خروش اور انکی محبت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ عام انتخابات میں ترقیاتی کارکردگی کے حق میں فیصلہ دیں ۔

انہوں نے یونین کونسلز کے چیئرمین اور بلدیاتی نمائندوں کو آپس میں اتحاد قائم رکھنے کی تاکید کی تاکہ وہ صحیح معنوں میں عوام کی خدمت اور وہ ان کے ذریعے علاقائی ترقی کا بھرپور حق ادا کر سکیں۔ قبل ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین یونین کونسل میاں سہیل احمد ‘ وائس چیئرمین انور جوگی نے کہا کہ وزیر قانون رانا ثناء الله خاں کی خصوصی دلچسپی اور کاوشوں سے کارپٹ سڑکوں کی تعمیر اور دیگر ترقیاتی منصوبوں سے نہ صرف لوگوں کو خاطر خواہ بنیادی سہولیات میسر آئی ہیں بلکہ ان علاقوں کی جائیدادوں کی قدر و قیمت میں بے حد اضافہ ہوا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ علاقہ کے لوگ آئندہ الیکشن میں رانا ثناء الله خاں کے حق میں ووٹ دیکر ان منصوبوں کا صلہ دیں گے ۔ جلسہ کے دوران عبدالستارغازی اور نوجوان مٹھو نے مسلم لیگ ( ن ) اور رانا ثناء الله خاں کی شاندار عوامی خدمت اور ترقیاتی کارکردگی کو پر جوش انداز میں منظوم خراج تحسین پیش کیا ۔

متعلقہ عنوان :