کشمیر پاکستان کے ساتھ ساتھ پی پی پی کی بھی شہہ رگ ہے‘ مسئلہ کشمیر پر بے نظیر بھٹو شہید نے راجیو گاندھی سے بات کی تھی ، پیپلز پارٹی نے جمہوریت کیلئے بڑی قربانیاں دی ہیں، آئندہ انتخابات شفاف ہوں گے،کشمیری عوام سے یکجہتی کیلئے بے نظیر بھٹو اور پی پی پی نے کلیدی کردار ادا کیا،

پیپلز پارٹی ہی کشمیر ایشو کو بین الاقوامی سطح پرلائی، آج کشمیر کا ز کیلئے اکٹھے ہونے پر خوشی ہے،سابق صدر آصف علی زرداری کاموچی دروازہ میں جلسہ سے خطاب

پیر 5 فروری 2018 22:30

کشمیر پاکستان کے ساتھ ساتھ پی پی پی کی بھی شہہ رگ ہے‘ مسئلہ کشمیر پر ..
لاہور۔5 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 فروری2018ء) سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کے ساتھ ساتھ پی پی پی کی بھی شہ رگ ہے‘ مسئلہ کشمیر پر بے نظیر بھٹو شہید نے راجیو گاندھی سے بات کی تھی ۔وہ پیر کے روز موچی دروازہ پر پاکستان پیپلز پارٹی کے جلسے سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر سابق وزرائے اعظم سید یوسف رضا گیلانی راجہ پرویز اشرف ‘ پی پی پی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ ‘ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سیدخورشید شاہ‘ منظور احمد وٹو ‘ اعتزاز احسن ‘ثمینہ خالد گھرکی‘ نیئر حسین بخاری ‘سمیت دیگر پارٹی رہنما اور کارکن بھی کثیر تعداد میں موجود تھے۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ پی پی پی نے وہاں جلسہ منعقد کیا جہاں قائد اعظم ‘ذوالفقارعلی بھٹوشہید‘ بے نظیر بھٹو شہید نے خطاب کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پی پی پی نے جمہوریت کیلئے بڑی قربانیاں دی ہیں۔ جمہوریت کی خاطر ذوالفقار علی بھٹو نے پھانسی کا پھندا چوما بینظیر شہید ہوئی جبکہ میں نے سالوں جیل کاٹی۔انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات شفاف ہوں گے۔

پی پی ملک بھر میں کا میابی حاصل کرئے گی ، سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پی پی پی ہر طرح سے کشمیریوں کے ساتھ ہے۔ دنیا میں اگر جنت ہو سکتی ہے تو وہ کشمیر ہے۔ آج ہم کشمیر کا ز کیلئے اکٹھے ہوئے ہیں جس پر خوشی ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام سے یکجہتی کیلئے بے نظیر بھٹو شہید اور پیپلز پارٹی نے کلیدی کردار ادا کیا اور پی پی پی ہی کشمیر ایشو کو بین الاقوامی سطح پرلائی ۔

قائد حزب اختلاف سیدخورشید شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی بنیاد کشمیر کاز پر ہے۔ پاکستان کشمیر کے بغیر مکمل نہیں ہو سکتا۔ ہماری رگ رگ میں کشمیر کی گردش قائم رہتی ہے۔ کشمیر ایشو پر سوئی ہوئی دنیا کو اٹھنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ جلدبھٹو شہید کا کشمیر کی آزادی کا خواب پورا ہو گا۔ پی پی پی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا کہ کشمیریوں کی جدوجہد کوبڑھا کر ہم سرخرو ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی پی پی فلاح کے ہر ایجنڈے کے ساتھ ہے۔ انہوں نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ یہ جان لیں کہ انگلی کا اشارہ ایمپائر کرتا ہے‘ الیکشن میں انگلی نہیں عوام کا انگوٹھا کام آتا ہے۔عوام کے انگوٹھے لگانے کے دن آنے والے ہیں سب کو پتہ چل جائے گا ‘ جلسہ سے سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف ‘ نیئر حسین بخاری سمیت دیگر پارٹی رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔