ایکٹا نے جسٹس فار ٹیچر مہم شروع کرنے کا اعلان ‘ پروفیسر شیخ جمیل پر ڈپٹی کمشنر ہٹیاں بالا کی بربریت کی مذمت

منگل 6 فروری 2018 22:06

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 فروری2018ء) ایکٹا نے جسٹس فار ٹیچر مہم شروع کرنے کا اعلان کردیا، پروفیسر شیخ جمیل پر ڈپٹی کمشنر ہٹیاں بالا کی بربریت کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کرتے ہیں کہ اسے فی الفور برطرف کیا جائے، ڈپٹی کمشنر کے فعل کیخلاف منظم تحریک کو لے کر آگے چلیں گے، تمام کالجز میں اس تحریک کو چلائیں گے، اس میں سول سوسائٹی کو بھی ساتھ رکھا جائیگا۔

ہماری جدوجہد کسی ڈپٹی کمشنر کیخلاف نہیںبلکہ ایک سوچ کیخلاف ہے ۔ ان خیالات کا اظہار صدر لوکل ایکٹا مسعود الرحمان ، پروفیسر نعیم عباسی، شیخ جمیل ،بابر میر، راجہ عبدالرحمان، طارق سلیم شاہ، شاہین گیلانی، ذیشان گیلانی، نوید فیروز، طارق اعوان ودیگر نے پروفیسرز کے مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پبلک مقامات پر سگریٹ نوشی کی روک تھام کیلئے باضابطہ اسمبلی سے ایکٹ پاس ہوا ہے اور اس پر عملدرآمد کروانے والے خود لاعلم نکلے جنہیں قانون کا پتہ ہے اور نہ ہی استاد کے مقام کا۔

جسٹس فار ٹیچر مہم شروع کرینگے، تمام کالجز میں اس تحریک کو عملی شکل دی جائیگی، استاد ایسا مقام ہے جس سے معاشرے تشکیل دیئے جاتے ہیں کوئی قانون ڈی سی کو ہاتھ اٹھانے کی اجازت نہیں دیتا، استاد جیسے مقام کی بے حرمتی کرنیوالوںکو کسی صورت معاف نہ کیا جائے۔ انہوںنے کہا کہ سوشل میڈیا پر جس طرح جسٹس فار شیخ جمیل مہم شرو ع ہوئی ہے یہ قابل ستائش ہے اب اس تحریک کو بھرپور انداز میں چلائیں گے، جسٹس فار ٹیچر مہم کا آغاز آج سے ہی شروع کیا جائیگا۔

انہوں نے کہا کہ جب تک ڈپٹی کمشنر کو برطرف نہیں کیا جائیگا ہم اس تحریک کو مزید منظم انداز میں چلائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ڈی ای او ، سیکرٹری، وزیر اور وزیراعظم آزادکشمیر تک اس معاملے کی انکوائری چاہتے ہیں اگر ڈپٹی کمشنر کو برطرف نہیں کیا جاتا تو چین سے نہیں بیٹھیں گے ، ہٹیاں بالا میں 7 فروری کو اجلاس طلب کیا ہے انشاء اللہ اساتذہ کی عزت نفس پر کسی صورت کمپرومائز نہیں کیا جائیگا۔ جو اساتذ ہ کی عزت نہیں کرتے وہ معاشرے میں کیا سدھار لاسکتے ہیں۔