کشمیر کی تحریک آزادی میں پیپلزپارٹی کی قربانیاں اور جدوجہد ناقابل فراموش ہیں‘پی پی کی بنیاد ہی مسئلہ کشمیر پر رکھی گئی‘قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو، محترمہ شہید بے نظیر بھٹو نے اپنے ادوار میں دنیا کے سامنے بھارتی مظالم بے نقاب کئے

ممبر کشمیر کونسل وپیپلزپارٹی کے مرکزی رہنماء میر یونس کی صحافیوں سے گفتگو

منگل 6 فروری 2018 22:10

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 فروری2018ء) ممبر کشمیر کونسل وپیپلزپارٹی کے مرکزی رہنماء میر یونس نے کہا ہے کہ کشمیر کی تحریک آزادی میں پیپلزپارٹی کی قربانیاں اور جدوجہد ناقابل فراموش ہیں۔پی پی کی بنیاد ہی مسئلہ کشمیر پر رکھی گئی۔قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو، محترمہ شہید بے نظیر بھٹو نے اپنے ادوار میں دنیا کے سامنے نہ صرف بھارتی مظالم بے نقاب کیے بلکہ دنیا کو مسئلہ کشمیر کی اہمیت وافادیت سے بھی آگاہ کیا اور دنیا کو باور کرایا کہ مسئلہ کشمیر کے دیرپا حل بغیر دنیا بھر میں بالعموم اور جنوبی ایشیاء میں باالخصوص امن کا قیام ممکن نہیں۔

سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری نے مسئلہ کشمیر پر ہمیشہ دوٹوک موقف اختیار کیا۔امریکہ اور بھارت کی آنکھوں میں آنکھ ڈال کر بات کی۔

(جاری ہے)

اب شہید بھٹو کے نواستے،شہید رانی اور مرد حر آصف زرداری کے لخت جگر میدان میں آچکے ہیں اور مسئلہ کشمیر پر اپنے خاندان کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے جدوجہد شروع کر چکے ہیں۔گزشتہ روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کشمیر کے موقع پر لاہور میں پیپلزپارٹی کا یکجہتی کشمیر جلسہ اس بات کا ثبوت ہے کہ پیپلزپارٹی واحد جماعت ہے جو کشمیریوں کی آزادی کیلئے عملی جدوجہد کر رہی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کا یہ جلسہ وار خطاب تحریک آزادی کشمیر پر مثبت اثرات مرتب کریگا۔انہوں نے مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر پر تمام سیاسی جماعتوں کو سیاسی اور جماعتی مفادات سے بالاتر ہو کر منظم جدوجہد کرنا ہو گی۔بھارت کے مقبوضہ کشمیر میں ہونیوالے مظالم کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنا ہو گا۔کشمیر کی آزادی اور کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لیے عالمی دنیا کو بھی اب جاگنا ہو گا تاکہ دنیا میں قیام امن کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکے۔