پاکستانی قیدیوں کی رہائی کیلئے سعودی عرب کی حکومت سے ہر سطح پر بات کی جا رہی ہے‘ طاہر محمود اشرفی

سعودی عرب کی حکومت اور عوام نے حجاج اور زائرین کی خدمت کا حق ادا کیا ، حج ، عمرہ کے معاملات میں سیاست کرنا درست نہیں ‘گفتگو

منگل 6 فروری 2018 22:32

پاکستانی قیدیوں کی رہائی کیلئے سعودی عرب کی حکومت سے ہر سطح پر بات کی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 فروری2018ء) عالم اسلام کے مسائل کا حل وحدت امت میں ہے ، سعودی عرب کی حکومت اور عوام نے حجاج اور زائرین کی خدمت کا حق ادا کیا ہے ، حج ، عمرہ کے معاملات میں سیاست کرنا درست نہیں ہے ، پاکستانی قیدیوں کی رہائی کیلئے سعودی عرب کی حکومت سے ہر سطح پر بات کی جا رہی ہے۔ یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے سعودی عرب روانگی کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔

اس موقع پر مولانا زبیر زاہد ، مولانا عبد القیوم فاروقی ، مولانا محمد اشفاق پتافی ، مولانا یونس قاسمی ، مولانا شفیع قاسمی ، حاجی محمد طیب شاد قادری بھی موجود تھے ۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کے مسائل میں شب و روز اضافہ ہو رہا ہے ، فلسطین ، کشمیر ، شام ، عراق ، یمن جل رہے ہیں، پاکستان اور سعودی عرب کے امن سے کھیلنے کی سازشیں کی جا رہی ہیں ، قطر اور عرب ممالک کے درمیان صورتحال کشیدہ ہو رہی ہے ، حج اور عمرہ جیسے مقدس فریضہ اور احکامات پر سیاست کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

بعض قوتیں ارض الحرمین الشریفین پر حملہ آور ہیں ، سعودی عرب کی حکومت اور عوام نے ہمیشہ حجاج ، زائرین اور مسلم امة کی خدمت کی ہے ، سعودی فورسز نے مکتہ المکرمہ اور مدینہ منورہ حملہ کی کوششوں کو ناکام بنا کر عالم اسلام کے مسلمانوں کے دل جیت لیے ہیں ، ہر سال پچاس لاکھ سے زائد حجاج اور کروڑوں عمرہ زائرین کو پُر امن ماحول فراہم کر کے سعودی عرب کی عوام اور حکومت نے ثابت کیا ہے کہ وہی ارض الحرمین الشریفین کی خدمت کے اہل ہیں ، لہذا قطر سمیت کسی بھی ملک کو حج و عمرہ پر سیاست نہیں کرنی چاہیے ، ارض الحرمین الشریفین کے امن و سلامتی سے کھیلنے کی کوشش کرنے والی قوتوں کو موقع نہیں دینا چاہیے کہ وہ مسلمانوں کے مقدسات سے کھیلیں۔

متعلقہ عنوان :