نامساعد حالات کے باوجود بلوچستان کے صحافیوں نے صحافتی ذمہ داریوں کی ادائیگی میں کوئی کوتاہی نہیں برتی،میر عبدالقدوس بزنجو

منگل 6 فروری 2018 23:09

نامساعد حالات کے باوجود بلوچستان کے صحافیوں نے صحافتی ذمہ داریوں کی ..
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 فروری2018ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجونے کہا ہے کہ نامساعد حالات کے باوجود بلوچستان کے صحافیوں نے صحافتی ذمہ داریوں کی ادائیگی میں کوئی کوتاہی نہیں برتی اور لوگوں تک حقائق پہنچانے میں پیشہ وارانہ صلاحیتیوں کا بھرپور مظاہرہ کیا، حکومت کو ذرائع ابلاغ بالخصوص عا مل صحافیوں سے جو توقعات وابستہ ہیں وہ پوری ہورہی ہیں، صحافی عوامی مسائل کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے حل کے لئے ہمیں رہنمائی فراہم کررہے ہیں جس کے لئے ہم ان کے شکر گزار ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر اعلیٰ لیپ ٹاپ سکیم کے تحت صحافیوں میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان میں کئی نامور صحافیوں نے جنم لیا اور اپنے قلم کو عوام کے حقوق کے تحفظ اور مثبت سیاسی جدوجہد کو اجاگر کرنے کے لئے استعمال کیا۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ نے خاص طور سے معروف اور سینئر صحافی مرحوم لالا صدیق بلوچ کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی وفات سے شعبہ صحافت کا ایک روشن ستارہ غروب ہوگیا ہے۔

وزیر اعلیٰ نے نوجوان صحافیوں پر زور دیا کہ وہ لالا صدیق مرحوم اور ان جیسے دیگر صحافی اکابرین کی پیروی کرتے ہوئے مثبت صحافتی اقدار کے فروغ کو اپنا شعار بنائیںاور اپنی صلاحیتوں کو صوبے کی تعمیر و ترقی کے لئے بروئے کار لائیں، موجودہ دور انٹر نیٹ ، وٹس ایپ اور ای میل کا دور ہے ، دنیا سمٹ کر ایک گلوبل ویلج بن گئی ہے ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے صحافی بھی مسابقت کے اس دور کے ہم قدم رہیں جس کے لئے انہیں لیپ ٹاپ دئیے جارہے ہیں۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کو اس وقت دہشت گردی کی شکل میں اندرونی وبیرونی چیلنجز کا سامنا ہیں ملک دشمن عناصر سی پیک اور دیگر ترقیاتی منصوبوںکو ناکام بنانے کی کوشش کر رہے ہیں اور یہ بات ڈھکی چھپی نہیں کہ اس وقت بلوچستان بے شمار مسائل سے دوچار ہے اس صورتحال میں ذرائع ابلاغ کی ذمہ داریاں بڑھ جاتی ہیں معاشرے میں افہام و تفہیم اور مثبت سیاسی فضا کے لئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگاتاکہ ہم اپنے وسائل اور حقوق کو محفوظ بناتے ہوئے بلوچستان کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کو یقینی بناسکیں۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہمارے پاس وقت کی کمی ہے اور ہم نے اس مختصر مدت میں بہت کچھ کرنا ہیںجس کے لئے ہمیں میڈیا کا فعال کردار اور تعاون درکار ہے اور یہ بات باعث اطمینان ہے کہ گذشتہ پندرہ دنوں کے دوران حکومت نے عوامی فلاح و بہبود کے لئے جو بھی اقدامات کئے ہیںمیڈیا میں ہمیں بھرپور پذیرائی ملی ہے جس سے ہمارے حوصلے اور عزم مزید مضبوط ہوئے ہیں۔

وزیر اعلیٰ نے سوشل میڈیا ، نیوز چینلز اور اخبارات میں مثبت اور صحت مندانہ رپورٹنگ پرصحافیوں کا شکریہ ادا کیا، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم نے صحافیوں کو لیپ ٹاپ دیکر اپنے ایک وعدے کی تکمیل کی ہے ، صحافیوں کی رہائشی سکیم کے لئے اراضی کی فراہمی کو بھی جلد یقینی بنایا جائیگا اور حکومت صحافیوں کی مجموعی فلاح و بہبود کے لئے بھرپور معاونت جاری رکھے گی اور ہم توقع کرینگے کہ صحافیوں کی تنظیمیں بھی اس حوالے سے اپنا کردار ادا کریں گی۔

تقریب سے صوبائی وزراء پرنس احمد علی،طاہر محمود خان اور صوبائی مشیر میرعبدالکریم نوشیروانی نے بھی خطاب کیا جبکہ کوئٹہ پریس کلب کے صدر رضاالرحمن نے خطبہ اسقتبالیہ پیش کیا۔ا س مو قع پر وزیر اعلیٰ نے صحافی شہدا ء ٹرسٹ کے لئے 10لاکھ روپے دینے کا اعلان بھی کیا ۔ان کے ساتھ ہی صوبائی وزیر طاہر محمود خان ،صوبائی مشیر میر عبدالکریم نوشیروانی ،صوبائی مشیر کہدہ بابر نے دو دو لاکھ روپے جبکہ صوبائی مشیر خوراک ضیا ء اللہ لانگونے ایک لاکھ روپے اور وزیر اعلیٰ کے پولیٹیکل سیکرٹری سید اسلم شاہ نے صحافی شہداے ٹرسٹ کے لئے تین لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ہے ۔ بعدازاں وزیر اعلیٰ نے صحافیوں میں لیپ ٹاپ تقسیم کیئے۔

متعلقہ عنوان :