وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی سے محسود اور وزیر قبائل کے جرگے کی ملاقات

نقیب اللہ محسودکے ماورائے عدالت قتل کے ذمہ دارارن کو فوری طور پر گرفتار کرکے قانون کے مطابق سزا دلوانے کا مطالبہ نقیب اللہ محسود کے قاتلوں کی گرفتاری کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے،وزیراعظم کی یقین دہانی

منگل 6 فروری 2018 23:13

وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی سے محسود اور وزیر قبائل کے جرگے کی ملاقات
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 فروری2018ء) وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی سے محسود اور وزیر قبائل کے جرگے نے وزیرِ اعظم آفس میں ملاقات کی۔ گورنر خیبر پختونخواہ اقبال ظفر جھگڑا، وزیرِ مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اور وزیرِ اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور انجینئر امیر مقام بھی ملاقات میں موجود تھے۔ وزیرِ اعظم سے بات چیت میں جرگے کی جانب سے نقیب اللہ محسودکے ماورائے عدالت قتل کے ذمہ دارارن کو فوری طور پر گرفتار کرنے اور انکو قانون کے مطابق سزا دلوانے کا مطالبہ کیا گیا۔

وزیرستان میں قبائل کو درپیش مسائل کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔ وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی نے جرگے سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ نقیب اللہ محسودکا معاملہ صرف صوبائی حکومت کا نہیں بلکہ ریاست کا معاملہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے جرگے کو یقین دلایا کہ نقیب اللہ محسود کے قاتلوں کی گرفتاری کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور انصاف کے تقاضوں کو پورا کیا جائے گا۔

وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ حکومت کی جانب سے نقیب اللہ محسود کے نام پر وزیرستان میں ایک کالج بھی تعمیر کیا جائے گا۔ وزیرستان کے عوام کو درپیش مسائل پر بات کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں قبائلی عوام کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پوری قوم قبائلی علاقوں کے عوام کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور حکومت ان کی آباد کاری میں ہر ممکنہ تعاون جاری رکھے گی۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ بارودی سرنگوں کے نتیجے میں زخمی ہونے والوں کو حکومت کی جانب سے مناسب معاوضہ فراہم کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ دہشت گردی سے متاثرہ علاقے سے بارودی سرنگیں صاف کرنے کے کام کو بھی مزید تیز کیا جائے گا۔ جرگے کے اراکین نے عمائدین سے ملاقات کرنے اور قبائلی عوام کے مسائل کے حل کی یقین دہانی پر وزیرِ اعظم کا شکریہ ادا کیا۔

جرگے نے گورنر خیبر پختونخواہ اقبال ظفر جھگڑا، وزیرِ مملکت برائے کیڈ طارق فضل چوہدری اور وزیرِ اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور انجینئر امیر مقام کی کاوشوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے مسئلے کے حل اور وزیرِاعظم سے جرگے کی ملاقات کے سلسلے میں اہم کردار ادا کیا۔ جرگے کے اراکین نے کہا کہ قبائلی امن پسند اور محب وطن لوگ ہیں جنہوں نے ماضی میں بھی ملک کے لئے کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کیا اور آئندہ بھی ملک کی حفاظت میں پیش پیش رہیں گے۔ جرگے کی جانب سے وزیرِ اعظم پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا گیا۔