بھارت جبر و استبداد کے ذریعے کشمیریوں کو حق خود ارادیت کے حصول کی جد وجہد ترک کرنے پر ہرگز مجبور نہیں کرسکتا، سید علی گیلانی

کشمیری پر امن قوم ،غیر قانونی بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے پر امن جدوجہد مقصد کے حصول تک جاری رکھیں گے، بیان

بدھ 7 فروری 2018 18:47

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 فروری2018ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ بھارت جبر و استبداد کے ذریعے کشمیریوں کو حق خود ارادیت کے حصول کی جد وجہد ترک کرنے پر ہرگز مجبور نہیں کرسکتا۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ ریاستی دہشت گردی سے کشمیری اپنے مشن سے نہیں ہٹیں گے ۔

انہو ںنے کہا کہ کشمیری ایک پر امن قوم ہے او ر وہ غیر قانونی بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے ایک پر امن جدوجہد کر رہے ہیں جسے وہ مقصد کے حصول تک جاری رکھیں گے۔ سید علی گیلانی نے کہا کہ بھارت کو بیگناہ کشمیریوں کے قتل، گرفتاری اور دیگر مظالم سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ حریت چیئرمین نے کہا کہ کٹھ پتلی انتظامیہ نے مقبوضہ وادی کو ایک جیل خانے میں تبدیل کر دیا ہے جہاں بھارتی فورسز نے ہرطرف خوف و دہشت پھیلا رکھی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مزاحمتی رہنمائوں کو گھروں ، جیلوں اور تھانوں میں نظر بند رکھ کر انہیں عوام سے دور رکھنے کی کوشش کی جارہی ہے۔سید علی گیلانی نے کہ مقبوضہ علاقے کی جیلوں کے ساتھ ساتھ بھارت کی جیلیں بھی کشمیریوں سے بھری پڑی ہیں جہاں انہیںبڑے پیمانے پر غیر انسانی سلوک کا نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔ انہوں نے نظر بندوں کے ساتھ روا رکھنے جانے والے سلوک پر سخت تشویش ظاہر کرتے ہوئے انسانی حقوق کے عالمی اداروں پر زور دیا کہ وہ نظر بندوںکی حالت زار کا نوٹس لیں۔

انہوں نے نئی دلی کی تہاڑ جیل میں نظر بند شبیر احمد شاہ، ڈاکٹر غلام محمد بٹ، ایاز اکبر، الطاف احمد شاہ، پیر سیف اللہ ، راجہ معراج الدین کلوال، نعیم احمد خان، فاروق احمد ڈار، شاہد الاسلام، کامران یوسف، جاوید احمد ، محمد اسلم وانی اور ظہور احمد وٹالی کی گرتی ہوئی صحت پر بھی سخت تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ نظر بندوںکو مناسب طبی سہولت فراہم نہیں کی جا رہی ۔