توہین عدالت کیس،وفاقی وزیر نجکاری دانیال عزیز کی وکیل مقرر کرنے کے لئے مہلت طلب کرنے کی استدعا منظو ر،سماعت 19 فروری تک ملتوی

بدھ 7 فروری 2018 23:02

توہین عدالت کیس،وفاقی وزیر نجکاری دانیال عزیز کی وکیل مقرر کرنے کے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 فروری2018ء) سپریم کورٹ نے توہین عدالت کے مقدمہ میں وفاقی وزیر نجکاری دانیال عزیز کی وکیل مقرر کرنے کے لئے مہلت طلب کرنے کی استدعا منظو ر کرتے ہوئے مزید سماعت 19 فروری تک ملتوی کردی ہے ، بدھ کوجسٹس شیخ عظمت سعیدکی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی ، اس موقع پر جواب گزار دانیال عزیز نے پیش ہوکر موقف اختیار کیا کہ انہیں جاری ہونے والے نوٹس میں یہ نہیں بتایا گیا کہ ان کوکس وجہ سے توہین عدالت کانوٹس جاری کیا گیاہے ،بنچ کے سربراہ جسٹس عظمت سعید نے ان سے کہا کہ آپ کو سب کچھ پتہ لگ جائے گا، یہاں کچھ بھی غیر مناسب نہیں ہے ،آپ عدالت کوبتائیں کہ کیا آپ کو وکیل مقرر کرنے کے لیے وقت چاہیے ،تو وفاقی وزیرنے جواب دیا کہ جی ہاں ان کووکیل کرنے کیلئے مہلت درکار ہے ، جس پرعدالت نے انہیں وکیل مقرر کرنے کیلئے مہلت دیتے ہوئے اس کیس میں اٹارنی جنرل کو بھی نوٹس جاری کردیا اور مزیدسماعت ملتوی کردی۔