وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے امریکی بزنس کونسل کے وفد کی ملاقات،

پاکستان میں سرمایہ کاری اور کاروبار کے فروغ کے لئے کونسل کے کردار کے بارے میں بریفنگ دی،سی پیک منصوبے نے ترقی کے نئے مواقع کی راہیں کھول دی ہیں،کاروباری برادری اور نجی شعبہ اس فائدہ اٹھائیں،وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی

بدھ 7 فروری 2018 23:12

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے امریکی بزنس کونسل کے وفد کی ملاقات،
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 فروری2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکومت نے کاروبار میں آسانی کی بہتری کیلئے سرمایہ کاری بورڈ کو صوبائی حکومتوں کے ساتھ تعاون کا ٹاسک دیا ہے، اقتصادی پالیسیوں کا تسلسل نہ صرف پختگی کا عکاس ہیں بلکہ اس سے کاروباری برادری کا حکومتی اقتصادی پالیسیوں پر اعتماد بحال ہونے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے یہ بات امریکی بزنس کونسل کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے بدھ کو وزیراعظم ہائوس میں ان سے ملاقات کی۔ کونسل کے صدر کامران نشاط نے پاکستان میں سرمایہ کاری اور کاروبار کے فروغ میں کونسل کے کردار کے بارے میں بریفنگ دی۔ وفد نے ملک میں امن و امان اور کاروبار دوست ماحول کی بحالی میں موجودہ حکومتی اقدامات کو سراہا۔

(جاری ہے)

وفد کے سربراہ نے کاروباری برادری کے اعتماد میں مزید اضافہ، کاروباری اخراجات میں کمی، ٹیکس سے متعلق مسائل کے خاتمہ اور ملک میں سرمایہ کار دوست ماحول کو مزید فروغ دینے کے حوالے سے تجاویز بھی پیش کیں۔

وزیراعظم نے وفد کے تجاویز کو سراہتے ہوئے کاروباری برادری کو درپیش معاملات کو حل کرنے کی غرض سے حکومتی اقدامات سے متعلق آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ سی پیک منصوبے نے ترقی کے نئے مواقع کی راہیں کھول دی ہیں جسے کاروباری برادری بالخصوص نجی شعبہ کو بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔ بعد ازاں وزیراعظم سے پاک اپیرل فورم کے وفد نے بھی ملاقات کی اور ملکی برآمدات اور ٹیکسٹائل سیکٹر میں ملبوسات کے حوالے سے بریفنگ دی۔ وفد نے وزیراعظم کو اپیرل سیکٹر کو مزید مستحکم کرنے سے متعلق تجاویز بھی پیش کیں۔ وزیراعظم نے تجاویز کا خیر مقدم کیا اور اپیرل سیکٹر کو درپیش مسائل حل کرنے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔