صدر مملکت ممنون حسین اور اردن کے شاہ عبداللہ کی ایوان صدر میں ملاقات

صدر مملکت ممنون حسین اور اردن کے شاہ عبداللہ کا تجارت ، تعلیم اور ثقافتی شعبوں میں تعاون میں اضافے پر اتفاق پاکستان اور اردن مختلف شعبوں میں اپنے خصوصی تجربے سے ایک دوسرے کو فائدہ پہنچا سکتے ہیں‘ملاقات میں اظہار خیال

جمعہ 9 فروری 2018 13:06

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 فروری2018ء) صدر مملکت ممنون حسین اور اردن کے شاہ عبداللہ نے دونوں ملکوں کے درمیان تجارت ، تعلیم اور ثقافتی شعبوں میں تعاون میں اضافے پر اتفاق کیا ہے اور کہا ہے کہ پاکستان اور اردن مختلف شعبوں میں اپنے خصوصی تجربے سے ایک دوسرے کو فائدہ پہنچا سکتے ہیں۔دونوں رہنماؤں کے درمیان یہ اتفاق رائے ایوان صدر میں ہونے والی ملاقات میں سامنے آیا۔

اس موقع پر صدر مملکت کی معاونت وفاقی وزیر دفاع انجینئر خرم دستگیر ، سیکریٹری خارجہ اور دیگر اعلیٰ حکام نے کی جبکہ شاہ عبداللہ کی معاونت اردن کے وزیر خارجہ ایمن سفادی ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل محمودفریحات اور دیگر اعلی حکام نے کی۔صدر مملکت نے کہا کہ امریکا کی طرف سے یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے معاملے میں اردن نے جر?ت مندانہ موقف اختیار کیا ، پاکستان اس کی قدر کرتا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اردن کے شاہ عبداللہ نے کہا کہ پاکستان کی طرف سے مسلم امہ کے مسائل کے حل کے لیے جو موقف اختیار کیا گیاہے وہ ہمارے لیے باعث تقویت ہے۔صدر مملکت نے مزید کہا کہ کشمیر اور فلسطین جیسے دیرینہ مسائل کا حل عالمی امن و استحکام کے لیے ضروری ہیں۔صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور اردن انتہائی گہرے سیاسی ، ثقافتی اور تاریخی رشتوں میں منسلک ہیں۔

انھوں نے کہا کہ دوطرفہ تجارت دونوں ملکوں کے انتہائی گہرے اور برادرانہ تعلقات کی درست عکاسی نہیں کرتی۔انھوں نے تجویز پیش کی کہ پاکستان اور اردن کے درمیان زیادہ سے زیادہ تجارتی وفود کا تبادلہ ہونا چاہیے۔ شاہ عبداللہ نے صدر مملکت کی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کی معیشت کے استحکام کے لیے باہمی تجارت میں اضافہ ضروری ہے۔ اس سلسلے میں مارچ میں مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس میں غور ہوگا۔