ریلوے سے این او سی کے حصول کے بعد ننکانہ صاحب میں گیس پریشر بہتر کرنے کیلئے چھ انچ کی پائپ لائن ڈالی جائے گی، پارلیمانی سیکرٹری شہزادی عمرزادی ٹوانہ

منگل 13 فروری 2018 12:44

ریلوے سے این او سی کے حصول کے بعد ننکانہ صاحب میں گیس پریشر بہتر کرنے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 فروری2018ء) قومی اسمبلی کو پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ جس علاقے میں گیس صارفین کی تعداد 25 ہزار سے زائد ہو وہاں ریجنل آفس قائم کیا جاسکتا ہے، ریلوے سے این او سی کے حصول کے بعد ننکانہ صاحب میں گیس پریشر بہتر کرنے کے لئے چھ انچ کی پائپ لائن ڈالی جائے گی۔ قومی اسمبلی کے اجلاس میں ڈاکٹر شذرا منصب علی کے ننکانہ صاحب میں سوئی گیس کے علاقائی دفاتر قائم نہ کرنے کے حوالے سے توجہ مبذول نوٹس کا جواب دیتے ہوئے پارلیمانی سیکرٹری شہزادی عمرزادی ٹوانہ نے کہا کہ صارفین کی تعداد کے مطابق یہ دفتر قائم کئے جاتے ہیں، ننکانہ صاحب میں 10 ہزار سے کچھ زائد صارفین ہیں، جب 25 ہزار صارفین ہوں گے تو ریجنل دفتر قائم کر دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

توجہ مبذول نوٹس پر ڈاکٹر شذرا منصب علی، خالدہ منصور اور عارفہ خالد پرویز کے سوالات کے جواب میں پارلیمانی سیکرٹری شہزادی عمرزادی ٹوانہ نے کہا کہ ننکانہ صاحب سے 40 کلومیٹر دور شیخوپورہ میں ریجنل آفس موجود ہے، ننکانہ میں قائم شکایات مرکز میں بھی اب تک کوئی ذکر شکایت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ننکانہ کے لئے 6 انچ کی پائپ لائن کے لئے ریلوے سے این او سی نہیں مل رہا۔ نئی پائپ لائن سے گیس کا پریشر کا مسئلہ بڑی حد تک حل ہو جائے گا۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ریجنل دفاتر کے قیام کے لئے اوگرا کی پالیسی ہے، پورے ملک میں 16 ریجنل دفاتر کام کر رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :