قومی اسمبلی میں پیپلز پارٹی نے قائمہ کمیٹیوں میں خواتین ارکان کی تعداد ایک چوتھائی کر نے کا بل پیش کر دیا

ڈپٹی سپیکر نے معاملے پر مزید غور خوض کے لئے بل متعلقہ کمیٹی کو بھجوا دیا

منگل 13 فروری 2018 16:44

قومی اسمبلی میں پیپلز پارٹی نے قائمہ کمیٹیوں میں خواتین ارکان کی تعداد ..
ٓٓاسلا م آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 فروری2018ء) قومی اسمبلی میں پیپلز پارٹی نے قائمہ کمیٹیوں میں خواتین ارکان کی تعداد ایک چوتھائی کر نے کے لئے بل پیش کر دیا ، ڈپٹی سپیکر نے معاملے پر مزید غور خوض کے لئے بل متعلقہ کمیٹی کو بھجوا دیا ۔

(جاری ہے)

منگل کو قومی اسمبلی اجلاس میں پیپلز پارٹی کی رکن شازیہ مر ی نے قومی اسمبلی کی کاروائی اور طریقہ کار کے قواعد 2007کے قاعدہ 293کے ذیلی قاعدہ (4) کے تحت ترامیم کی تحریک پیش کرتے ہوئے کہا کہ میں نے صرف ایک درخواست کی ہے کہ قواعد کے اندر چھوٹی سی ترمیم کی جائے قومی اسمبلی کی کمیٹیوں میں بعض اوقات مر د حضرات زیادہ ہوتے ہیں ، ہر کمیٹی میں ایک چوتھائی حصہ خواتین کا ہونا چاہئے، جس پر وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب نے تحریک کی عدم مخالفت کر تے ہوئے کہا کہ تمام کمیٹیوں میں زیادہ سے زیادہ خواتین کو شامل کیا گیا ہے ، ہماری کوشش ہے کہ خواتین کو بھر پور نمائندگی دی جائے بعض کمیٹیوں میں تو مردوں سے بھی زیادہ خواتین کی نمائندگی ہے ، اس تحریک کو متعلقہ کمیٹی میں بھیج دیا جائے جس پر ڈپٹی سپیکر جاوید عباسی نے معاملہ متعلقہ کمیٹی کو بھجوا دیا ۔