احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم محمد نوازشریف ،مریم نواز اور کیپٹن (ر)محمد صفدر کے خلاف دائر نیب ریفرنسز کی سماعت 15فروری تک ملتوی کردی

منگل 13 فروری 2018 17:16

احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم محمد نوازشریف ،مریم نواز اور کیپٹن (ر)محمد ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 فروری2018ء) احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم محمد نوازشریف ان کی صاحبزادی مریم نواز اور ممبر قومی اسمبلی کیپٹن (ر)محمد صفدر کے خلاف دائر نیب ریفرنسز کی سماعت بغیر کسی کارروائی کے 15فروری تک ملتوی کر دی ہے ۔ سماعت کے دوران سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف ،مریم نواز اور کیپٹن (ر)محمد صفدر نے حاضری سے اسثنٰی کی درخواست بھی دائر کر دی ہے ۔

منگل کو احتساب عدالت کے جج محمد بیشر نے سماعت کی ۔ اس موقع پر سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف ان کی صاحبزادی مریم نواز اور رکن قومی اسمبلی کیپٹن (ر)محمد صفدر عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت کو بتایا گیا کہ معروف قانون دان عاصمہ جہانگیر کے انتقال کے باعث سابق وزیر اعظم کے وکیل خواجہ حارث عدالت میں پیش نہیں ہوئے جس پر عدالت نے سماعت بغیر کسی کارروائی کے 15 فروری تک ملتوی کر تے ہوئے استغاثہ کے چار گواہان کو طلب کر لیا ۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف ،مریم نواز اور کیپٹن (ر)محمد صفدر کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست بھی دائر کی گئی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ کلثوم نواز کی علالت کے باعث 19فروری سے دو ہفتے کے لئے حاضری سے استثنیٰ دیا جائے۔ مریم نواز کے وکیل امجد پرویز نے موقف اختیار کیا کہ بیگم کلثوم نواز کا علاج آخری مراحل میں ہے اس وجہ سے فیملی کا وہاں ہونا بہت ضروری ہے۔ امجد پرویز نے موقف اختیار کیا کہ محمد نوازشریف نے پہلے بھی عدالتوں کا احترام کیا ہے،محمدنوازشریف اور مریم نواز کی عدم حاضری پر کبھی بھی عدالتی کارروائی متاثر نہیں ہوئی۔