آر ایس ایس جموں سے مسلمانوں کو بے دخل کرنے کی سازش کر رہی ہے، سرینگر میں فوجی کیمپ پر حملے میں دو نوجوان شہید

منگل 13 فروری 2018 17:16

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 فروری2018ء) مقبوضہ کشمیرمیںجموں کے مسلمان رہنمائوںنے مسلمانوںکو جموں سے ہجرت پر مجبور کرنے کے بی جے پی اور آر ایس ایس کے منصوبے پر تشویش ظاہر کی ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق قبائلی رابطہ کمیٹی کے چیئرمین طالب حسین نے سرینگر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہندو بلوائی جموں خاص طورپر سانبہ اور کٹھوعہ کے اضلاع کے مسلمانوں کو ہراساں کر رہے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ گزشتہ ماہ کٹھوہ میں اسپیشل پولیس آفیسر (ایک پی او )دیپک کھجوریہ کی طرف سے آٹھ سالہ بچی آصفہ کی بے حرمتی اور قتل مسلمانوں کو خوف زدہ کرنے کی سازشوں کا حصہ تھا۔ طالب حسین نے کہاکہ سانبہ اور کٹھوعہ کے اضلاع سے مسلمانوں کو بے دخل کرنے کی سازش کومکمل سرکاری سرپرستی حاصل ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ حکومتی احکامات پر جموں کی جنگلات کی اراضی سے متعدد مسلمان خاندانوں کو پہلے ہی بے دخل کیاجاچکا ہے ۔

ادھر آج سرینگر کے علاقے کیرن نگر می دو روز سے جاری جھڑپ کے دوران دو نوجوان شہید اور بھارتی سینٹرل ریزروپولیس فورس کے دواہلکار ہلاک ہوگئے ۔ جھڑپ پیر کو شروع ہوئی تھی ۔ کشمیریوں کے قتل کے خلاف جنوبی کشمیر کے علاقے قاضی گنڈ میں ہڑتال کی گئی ۔ ضلع اسلام آباد کے علاقوں Sopatاور ویسو میں مظاہرین اور بھارتی فورسز کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔

کٹھ پتلی انتظامیہ نے نوجوانوں کو مظاہرے کرنے سے روکنے کیلئے سرینگر کے مختلف علاقوں میں پابندیاں نافذ کردیں۔ انتظامیہ نے پورے شہر میں موبائیل انٹرنیٹ سروس بھی معطل کردی ۔ دریںاثناء جموں کے سنجوان فوجی کیمپ میں ایک اور بھارتی فوجی کی لاش ملنے سے ہلاک ہونیوالوں کی تعداد بڑھ کر دس ہوگئی ہے جن میں چھ بھارتی فوجی شامل ہیں۔ حملہ آوروں کا ایک گروپ ہفتہ کے روز دستی بموں کے دھماکے اور فائرنگ کرتے ہوئے فوجی کیمپ میں داخل ہو گیا تھا ۔

آج جموں کے علاقے Domanaمیں بھی ایک اور بھارتی فوجی کیمپ پر حملہ کیاگیا ہے ۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سیدعلی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں تحریک وحدت اسلامی کے رہنماء ندیم یوسف راتھر کے قتل کی شدید مذمت کی ہے جنہیں نامعلوم مسلح افراد نے پیر کو بڈگام کے علاقے چرن گام میں گولی مارکرقتل کردیاتھا۔ بھارتی پولیس نے پیپلز لیگ کے چیئرمین مختاراحمد وازہ کو اسلام آباد میں انکے گھر کے باہر سے گرفتار کرلیا ہے ۔ وہ سرینگر میں حریت فورم کے ایک اجلاس میں شرکت کیلئے جانا چاہتے تھے۔

متعلقہ عنوان :