بلدیہ اعلیٰ حیدرآباد نے مرچ بنانے والے کارخانے پرچھاپہ مارکرمرچی میں شامل کیا جانے والارنگ اور مضرصحت تیل کے نمونے حاصل کرلئے

منگل 13 فروری 2018 21:18

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 فروری2018ء) بلدیہ اعلیٰ حیدرآباد کے شعبہ خوراک نے گرونگرمیں لال مرچ بنانے والے کارخانے پرچھاپہ مارکرمرچی میں شامل کیا جانے والارنگ اور مضرصحت تیل کے نمونے حاصل کرلئے،لیبارٹری رپورٹ آنے کے بعد مقدمہ درج کیاجائیگا۔

(جاری ہے)

میئر حیدرآباد سید طیب حسین اورمیونسپل کمشنر شاہد علی خان کی ہدایت پر بلدیہ کے شعبہ خوراک نے فوڈکنٹرولنگ آفیسرتوحیداحمد راجپوت کی نگرانی میں پھلیلی تھانے کی حدودگرونگرکے علاقے میں مچھلی مارکیٹ کے قریب ظہیرالدین ولد کریم الدین نامی شخص کے لال مرچ بنانے اورپیکنگ کرنے والے کارخانے پر چھاپہ مارکرمرچوں میں ملاوٹ کرنے کے لئے وہاں موجود رنگ اورمضرصحت تیل کے نمونے حاصل کرلئے ،ذرائع کے مطابق برآمد ہونے والا تیل جانوروں کی آرائشوں سے حاصل تیارکیاجاتا ہے،فوڈڈپارٹمنٹ کے عملے کی اچانک کاروائی سے پریٹ آباد،پھلیلی اورنورانی بستی سمیت دیگر علاقوں میں قائم مرچی بنانے کے کارخانوں میں کھلبلی مچ گئی اورکارخانوں کو بند کردیاگیا،گرونگر کے اس کارخانے سے لال مرچ اوردیگر مصالحے تیارکے ’’کریم مصالحہ ‘‘کے نام سے حیدرآباد اوراندرون سندھ کی مارکیٹوں اوربازاروں میں سپلائی کیاجاتاہے،فوڈ ڈپارٹمنٹ کے عملے نے حاصل کئے گئے نمونے تجزئیے کے لئے لیبارٹری بھجوا دیئے ہیں جہاں سے رپورٹ آنے کے بعد فوڈ قوانین کے مطابق کاروائی عمل میں لائی جائے گی،کاروائی کے دوران علاقہ مکینوں نے بتایا کہ گنجان آباد علاقے میں قائم اس کارخانے سے علاقہ مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے خواتین بزرگ اوربچے سانس اور دمہ سمیت مہلک امراض میں مبتلاہورہے ہیں جبکہ علاقہ پولیس اورماحولیات کے بعض افسران بھی یہاں سے ماہانہ بھتہ وصولی کرکے کارخانے کی سرپرستی کررہے ہیں، انہوں نے مذکورہ کارخانے کی بندش اورمالک کے خلاف قانونی کاروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :