کوئٹہ میں سیکورٹی فورسز کی گاڑی پر فائرنگ ‘ 4 اہلکار شہید ہوگئے

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 14 فروری 2018 12:17

کوئٹہ میں سیکورٹی فورسز کی گاڑی پر فائرنگ ‘ 4 اہلکار شہید ہوگئے
کوئٹہ(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔14 فروری۔2018ء) کوئٹہ میں نامعلوم مسلح افراد کی سیکورٹی فورسز کی گاڑی پر فائرنگ سے 4 اہلکار شہید ہوگئے۔فائرنگ کا واقعہ سریاب روڈ کے علاقے دکانی بابا میں اس وقت پیش آیا جب سیکورٹی فورسز کی گاڑی معمول کی گشت پر تھی کہ نامعلوم مسلح ملزمان نے ان پر فائرنگ کردی اور موقع سے فرار ہوگئے۔پولیس ذرائع کے مطابق واقعے کے فوری بعد سیکورٹی فورسز اور ریسکیو کی ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے تحقیقات شروع کردیں جبکہ لاشوں کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا لگتا ہے، تاہم ابھی تک اس واقعے کی ذمہ داری کسی کی جانب سے قبول نہیں کی گئی۔خیال رہے کہ سریاب روڈ شہر کے حساس ترین علاقوں میں شمار کیا جاتا ہے، جہاں اس سے قبل بھی سیکورٹی فورسز پر حملے ہوتے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے سیکورٹی اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے سیکورٹی فورسز کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

آئی جی بلوچستان معظم جاہ انصاری کے مطابق پیٹرولنگ کے دوران ایف سی اہلکاروں کو ٹارگٹ کیا گیا اور فائرنگ کے نتیجے میں 4 ایف سی اہلکار شہید ہوئے۔انہوں نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق 3 سے 4 مسلح افراد نے سیکورٹی فورز کی گاڑی پر حملہ کیا اور اس دوران مختلف چھوٹے اور بڑے ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا۔آئی جی بلوچستان نے کہا کہ اگر سیف سٹی منصوبہ ہوتا تو تحقیقات میں بڑی پیش رفت ہوگی، تاہم ہماری کوشش ہے کہ سیف سٹی منصوبے کو جلد فعال کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :