حریت رہنمائوں، تنظیموں کاشہید غلام محمد بلہ کو زبردست خراج عقیدت پیش

کشمیری شہداء کی قربانیوں کو رائیگاںنہیں جانے دیا جائیگا ،مشن کو منطقی انجام تک جاری رکھا جائیگا،مشترکہ بیان

بدھ 14 فروری 2018 18:12

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 فروری2018ء) مقبوضہ کشمیر میںحریت رہنمائوں اور تنظیموںنے معروف کشمیری آزادی پسند کارکن شہید غلام محمد بلہ کو انکے 43ویں یوم شہادت پرشاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق غلام محمد بلہ کو15فروری1975ء کو اندراعبداللہ معاہدے کے خلاف علم بغاوت بلند کرنے پر بھارتی پولیس نے گرفتار کر کے حراست کے دوران شہید کردیا تھا ۔

حریت رہنمائوںشبیر احمد ڈار ، محمد اقبال میر ، محمد احسن انتو، امتیاز ریشی اور غلام نبی وار نے سرینگر میں جاری ایک مشترکہ بیان میں کشمیری شہداء کی قربانیوں کو رائیگاںنہیں جانے دیا جائیگا اور ان کے مشن کو ہر قیمت پر اسکے منطقی انجام تک جاری رکھا جائیگا۔ انہوںنے کہاکہ بھارت 1947سے ہی طاقت کے بل پر کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہا ہے ۔

(جاری ہے)

تاہم انہوںنے کہاکہ نہ تو ماضی میں کامیاب ہوا ہے اور نہ ہی مستقبل میںاپنے مذموم عزائم میں کامیاب ہو گا۔ ادھرجموںوکشمیر پیپلز فریڈم لیگ کے چیئرمین محمد فاروق رحمانی جموںوکشمیر نیشنل فرنٹ اورپیپلز لیگ نے بھی اپنے بیانات میں غلام محمد بلہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ انہوںنے جدوجہد آزادی کشمیر کیلئے بے مثال خدمات انجام دیں جنہیں طویل عرصے تک یاد رکھا جائیگا۔