نریندر مودی کی کشمیر سے متعلقہ پالیسی کو تا ہ اندیشی خطرناک ہے، سردار محمد مسعود

مودی پالیسی کے نتیجہ میں بھارت مقبوضہ کشمیر میں تحریک آزادی کو دبانے کیلئے قتل عام کی کارروائیوں میں مصروف ہے،بھارت کو ایل او سی پر بلا اشتعال فائرنگ کا منہ توڑ جواب دیا جائیگا،بزدلانہ کارروائیوں سے مرعوب نہیںہونگے، صدر آزاد کشمیر

بدھ 14 فروری 2018 18:29

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 فروری2018ء) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمدمسعود خان نے کہا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی کشمیر سے متعلقہ پالیسی کو تا ہ اندیشی خطرناک ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس مودی پالیسی کے نتیجہ میں بھارت مقبوضہ کشمیر میں تحریک آزادی کو دبانے کے لیے قتل عام کی کارروائیوں میں مصروف ہے۔ ان خیالات کا اظہار صدر آزاد کشمیر نے سندھ یوتھ اسمبلی سے آئے ہوئے مختلف جماعتوں کے 7 رکنی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

جس کی قیادت دانیال جیلانی کر رہے تھے ۔ سردار مسعود خان نے کہا کہ کشمیر میں ظلم و جبر اب روک دیا جانا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں قتل عام کا ذمہ دار مودی ہے ۔،جس نے گزشتہ اس صدی کے آغاز سے ہی گجرات میں مسلم مخالف پالیسی کے تحت دہشت گردانہ کارروائیاں شروع کر رکھی ہیں۔

(جاری ہے)

صدر سردار مسعود خان نے بھارتی افواج کی جانب سے لائن آف کنٹرول کے دونوں اطراف میں نہتے سویلین شہریوں کے قتل عام کی شدید مذمت کی ہے انہوں نے کہا کہ بھارت کو LOC پر بلا اشتعال فائرنگ کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی ان بزدلانہ کارروائیوں سے ہم کبھی مرعوب نہیںہوں گے بلکہ حصول آزادی کی جنگ جاری رکھیں گے ۔ صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے یوتھ اسمبلی کے ممبران پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کی جانب سے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کو دنیا کے سامنے پیش کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں اور بین الاقوامی میڈیا بالخصوص سوشل میڈیا کے ذریعے کشمیر کی اصل صورتحال کو اُجاگر کریں۔

انہوں نے کہا کہ ٹویٹر ’’ # Kashmir Matters ‘‘ کے ذریعے کمپین کا آغاز کریں اور کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور جنگی جرائم کو عالمی سطح پر اُجاگر کریں۔ صدر آزاد جموں و کشمیر نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور کشمیر فطری طور پر پاکستان کا حصہ ہے اوراس حقیقت کو کوئی تبدیل نہیں کر سکتا ۔ ایک سوال کے جواب میں صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ جموں و کشمیر کے مسئلے کو عالمی عدالت انصافICJ)) میں لے جانا حماقت ہو گی کیونکہ یہ بھارت کی جانب سے ایک سازش ہے تا کہ اقوام متحدہ کی قرار دادوں کو غیر موثر کیا جائے اور کشمیریوں کو ان کے حق خود ارادیت سے محروم کیا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر پر اقوام متحدہ کی پاس کردہ قرار دادوں میں کسی قسم کی کوئی تحریف یا ردو بدل نہیں کیا جانا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو عالمی عدالت انصاف (ICJ) میں لے کر جانے سے اس مسئلے کی قانونی ہیت تبدیل ہو جائے گی جس کی ہم کبھی اجاز ت نہیں دیں گے ۔ وفد میں دانیال جیلانی ، قرت العین ناصر ، مزمل حسین ، محمد ظفیر ، عبدالصمد ، نجیب الرحمان اور سید مقصود احمد شامل تھے ۔