انصاف کے تقاضے پورے کرنے کیلئے کرپٹ فیملی کا نام ای سی ایل میں ڈالنا ضروری ہے‘عبدالعلیم خان

نواز شریف کو سیاسی شہید بنا نے کی درباریوں کی خواہش نے انہیں اس مقام پر پہنچایا ہے‘کارکنوں سے خطاب

بدھ 14 فروری 2018 19:14

انصاف کے تقاضے پورے کرنے کیلئے کرپٹ فیملی کا نام ای سی ایل میں ڈالنا ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 فروری2018ء) پاکستان تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ نواز شریف مفرور کلب کو جوائن کرنے کیلئے پر تول رہے ہیں،انصاف کے تقاضے پورے کرنے کیلئے کرپٹ فیملی کے سارے نام ای سی ایل میں ڈال دینا ضروری ہے، بعض درباری نااہل سابق وزیراعظم کی سیاسی لاش کو کندھے پر اٹھاکر بے سود احتجاج کررہے ہیں، انہیں یاد رکھنا چاہیے کہ نواز شریف ماضی کا قصہ بن چکے،اڈیالہ جیل سے بچنے کیلئے وہ بھاگنے کے بہانے ڈھونڈھ رہے ہیں ۔

عبدالعلیم خان نے این ای122اور این ای125کے مختلف علاقوں کے دورے کے دوران کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عدالتی فیصلوں کو ذاتی اور سیاسی انتقام سے تعبیر کرنا ایک نا اہل شخص کا ایسا برا بیانیہ ہے جس پر کوئی یقین کرنے کو تیار نہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نواز شریف اعلیٰ عدالتوں پر الزام تراشی سے پہلے اپنی" کارناموں" پر غور فرمائیں اپنے ہر دور اقتدار میں بے دریغ لوٹ مار کرنے والوں نے خود کو بادشاہ سلامت سمجھتے ہوئے اداروں کا تقدس پامال کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی،شریفوں نے خود کو مطلق العنان سمجھ لیاتھا،احتساب کے شکنجے میں آئے تو چیخیں نکلنا شروع ہوگئیں۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ عدلیہ کیخلاف ہرزہ سرائی سے دباؤ بڑھانے کے درباری نسخے بھی ناکام ہوچکے ،دھونس اور دھاندلی کی سیاست کرنے والوں کواپنا انجام صاف نظر آرہا ہے،شریفوں کیخلاف ضمنی ریفرنسز کی منظوری اور نیب کی جانب سے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی درخواست ایک اہم پیش رفت ہے۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ نواز شریف کو سیاسی شہید بناکر ہمدردیاں سمیٹنے کی خواہش رکھنے والے درباریوں نے ہی انہیں اس مقام تک پہنچایا ہے،طلال چوہدری کی جانب سے نااہل شخص کو اسمبلی میں واپس لانے کی باتیں سیاسی نابالغ خوشامدی کے بے بنیاد دعوؤں سے زیادہ حیثیت نہیں رکھتیں،نااہل، مفرور، اشتہاری، سزایافتہ اور اقامہ زدہ رہنماؤں پر مشتمل نواز لیگ ملکی وقار اور معیشت کیلئے بہت بڑا خطرہ بن چکی۔

عبدالعلیم خان نے این ای122میں یونین کونسل186احاطہ مکھن سنگھ کا دورہ کیا جہاں منیر آفتاب بھٹی ، رانا اختر بلو ،یونس قصوری،راشد لطیف ، رانا وحید اور محمد نعیم نے ان سے ملاقاتیں کیں جبکہ این ای125میں والٹن روڈ وارڈ نمبر 2میں عبدالعلیم خان نے پی ٹی آئی کے مقامی رہنما محمود اعوان سے ملاقات کی اور ان کی اہلیہ کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا ۔

متعلقہ عنوان :